ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کٹھوعہ اور اناؤکے قصورواروں کو بخشانہیں جائے گا: نریندرمودی

کٹھوعہ اور اناؤکے قصورواروں کو بخشانہیں جائے گا: نریندرمودی

Sat, 14 Apr 2018 12:04:41    S.O. News Service

نئی دہلی،13اپریل (ایس او نیوز؍یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے کٹھوعہ اور اناؤمیں عصمت دری کے واقعات کو ملک کو شرمسارکرنے والا قراردیتے ہوئے آج کہا کہ قصورواروں کو بخشانہیں جائے گا اور ان بیٹیوں کو انصاف ملے گا۔مسٹر مودی نے یہاں قومی امبیڈکر یادگار کا افتتاح کرنے کے بعد کہا’’پچھلے دودنوں سے جو واقعات موضوع بحث ہیں وہ یقیناًکسی بھی مہذب سماج کے لئے شرمناک ہیں ۔ایک سماج کے طور پر ایک ملک کے طورپر ہم سب اس کے لئے شرمسار ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا’’میں ملک کو یقین دلانا چاہتاہوں کہ کوئی مجرم بچے گا نہیں ۔جن بیٹیوں کے ساتھ ظلم ہواہے انھیں انصاف ملے گا۔‘‘انھوں نے کہا کہ سماج کی اس برائی کوختم کرنے کا کام ،سبھی کومل کر کرناہوگا۔دوسری جانب سپریم کورٹ نے کٹھوعہ زنابالجبر معاملہ میں وکیلوں کے رویہ پر آج از خود نوٹس لیتے ہوئے وکیلوں کی مختلف تنظیموں سے جواب طلب کیا ہے ۔عدالت عظمیٰ نے مظاہرے کررہے وکیلوں کی انصاف کے عمل میں رخنہ اندازی کرنے کے لئے سرزنش کی اور بار کونسل آف انڈیا ، جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن اور کٹھوعہ ضلع بار اسوسی ایشن کو نوٹس جاری کیا اور جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وہیں الہ آباد ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو آج حکم دیاہے کہ وہ اناؤ میں عصمت دری کے ملزم بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر اور دیگر ملزمان کو بلاتاخیر گرفتار کرے ۔چیف جسٹس ڈی بی بھوسلے کی قیادت والی بنچ نے کہا کہ سی بی آئی کو اس معاملہ سے متعلق20جون2017کو متاثرہ کے ذریعہ درج کرائی گئی ایف آئی آر پر نوٹس لیناچاہئے ۔معاملہ کی اگلی سماعت دومئی کو ہوگی ۔ایڈیشنل سالیسٹرجنرل نے بنچ کو بتایا کہ سی بی آئی نے آج صبح بی جے پی کے رکن اسمبلی کو حراست میں لے لیا ہے ۔


Share: