نئی دہلی ، 9؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو یہاں ریس کورس کلب میں رہ رہے راجیش کمار کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم کا چیک دیا۔مسٹر کیجریوال نے بتایاکہ راجیش کمار ہندوستانی فضائیہ میں خدمات انجام دے رہے تھے اور قوم کی خدمت کرتے ہوئے ایک طیارہ حادثے میں فوت ہوگئے تھے۔ کجریوال نے آج ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ایک کروڑ روپے کا اعزازی چیک دیا۔
کجریوال نے کہا کہ ہم راجیش کمار کی زندگی کی قیمت نہیں ادا کرسکتے لیکن مجھے امید ہے کہ اس سے ان کے خاندان کو تھوڑی مدد ملے گی۔ ہم نے پہلے ہی آنجہانی راجیش کمار کی ایک بہن کو سول ڈیفنس میں شامل کیا ہے ، دوسری بہن کو نوکری دیں گے اور مستقبل میں بھی اس کے خاندان کا خیال رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ آنجہانی راجیش کمار 3 جون 2019 کو اروناچل پردیش میں آپریشنل ٹریننگ سارٹی (ائر مینٹیننس) کے دوران ہوائی جہاز کے حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ دہلی حکومت دہلی کے ان لوگوں کو ایک کروڑ روپے کا اعزازیہ دیتی ہے جو فوج میں رہتے ہوئے فوت ہوتے ہیں۔ اسی کے تحت مسٹر راجیش کمار کے خاندان کو بھی مدد دی گئی ہے۔آنجہانی راجیش کمار کو 5 فروری 2015 کو ہندوستانی فضائیہ میں نان کامبیٹنٹ (اسٹاف) کک کے طور پر کمیشن دیا گیا۔ ان کی پہلی پوسٹنگ اترالی ، راجستھان میں ہوئی۔ فوت ہوتے وقت ان کی عمر 29 سال تھی۔ اس وقت وہ آسام کے جورہاٹ میں تعینات تھے اور اروناچل پردیش میں ایل جی-40 مینچوکا کے لیے آپریشنل ٹریننگ سارٹی (ائر مینٹیننس) پر تھا۔ وہ طیارہ جس میں تھے وہ وادی اروناچل پردیش میں اونچائی والے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔