بنگلورو 16؍مارچ (ایس او نیوز) دانشور اور صحافی گوری لنکیش قتل کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو مزید ایک کامیابی ملنے کی خبر ہے،جس کے مطابق ایس آئی ٹی نے اس قتل میں ملوث ایک اور ملزم کی نشاندہی کرلی ہے۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا کے کولہا پور کا رہنے والا پروین لیمکر (34سال) اس قتل کا دوسرا ملزم ہے، اور وہ سناتن سنستھاکا کارکن ہے۔ پروین کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ تقریباً ۹ برس قبل گوا کے مڈگاؤں میں ہوئے ایک بم دھماکے میں اس کا ہاتھ ہونے کی وجہ سے پولیس کو وہ پہلے سے مطلوب ہے لیکن اب تک ا سے فراربتایا جارہاہے۔ اسی کیس کے تعلق سے این آئی اے کی درخواست پر انٹر پول نے اس کے خلاف ’ریڈ کارنر‘ نوٹس بھی جاری کیا ہوا ہے۔ خیال رہے کہ 19اکتوبر 2009کو ہوئے اس بم دھماکے میں سناتن سنستھا کانام سامنے آیا تھا اوراس معاملے کے چار ملزمین ابھی تک فرار بتائے جاتے ہیں۔ تحقیقات سے پتہ چلاتھا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی نیت سے خود زعفرانی دہشت گردوں نے دیوالی کے موقع پربم بلاسٹ کرنے کا پلان بنایاتھا لیکن بم متعلقہ مقام تک لے جاتے وقت اچانک بلاسٹ ہوگیا جس میں سناتن سنستھا کے دو کارکنان کی موت واقع ہوگئی تھی۔اس کے بعد پروین لیمکر کے ساتھ دیگر تین ملزمین جو فرار ہوگئے ہیں ان کی شناخت منگلورو کے جئے پرکاش عرف اَنّا(45سال)، پونے کے رہنے والے سارنگ اگولکر(38سال) اور مہاراشٹراسانگلی کے رودرا پاٹل (37سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
کہاجاتا ہے کہ گوری لنکیش قتل کے تعلق سے کرناٹکا پولیس نے پہلے ملزم کے ٹی نوین کمار کو گرفتار کرنے کے دو ایک دن میں ہی دوسرے ملزم کے بطور پروین لیمکر کی نشاندہی کرلی تھی۔کیونکہ مبینہ طور پر پولیس کے سامنے نوین کمار نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ گوری لنکیش کے گھر کے اطراف کی جانکاری حاصل کرنے میں اس کے ساتھ پروین بھی شامل تھا۔تحقیقاتی ایجنسی کے پاس پروین لیمکر کا جو فوٹو ہے و ہ بہت ہی پرانا ہوگیا ہے اور اس کا تازہ حلیہ سمجھنے اور ملزم کو پہچاننے میں دشواری پیش آرہی ہے۔لیمکر کے بارے میں خلاصہ ہوا ہے کہ وہ پیشے سے ایک صحافی ہے اور سناتن سنستھا کی سرگرمیوں سے جڑا ہوا ہے۔
اُدھر دوسری طرف سناتن سنستھا کا کہنا ہے کہ اس تنظیم کے کسی روپوش یا مفرور ملزم اوران کی سرگرمیوں کے لئے سناتن سنستھا کسی بھی طرح ذمہ دار نہیں ہے۔