ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہریانہ کے بجلی ملازمین کی بات چیت ناکام ، دوروزہ ہڑتال شروع

ہریانہ کے بجلی ملازمین کی بات چیت ناکام ، دوروزہ ہڑتال شروع

Wed, 29 Jun 2016 23:38:36    S.O. News Service

چندی گڑھ، 29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ہریانہ کی بی جے پی حکومت کی اپیل پرتوجہ نہ دیتے ہوئے ریاست میں بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کے ہزاروں ملازمین نے ریاست کے 23بجلی سب ڈویژنوں کے آپریشن اور دیکھ بھال کی آؤٹ سورسنگ کی مخالفت میں آج دو دن کی ہڑتال شروع کر دی۔ملازمین نے کل ریاستی حکومت کے ساتھ بات چیت کے کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کے بعد ہڑتال پر آگے بڑھنے کافیصلہ کیاہے ۔ہریانہ بجلی ملازم تنظیموں کی مشترکہ ورکنگ کمیٹی کے جنرل سکریٹری سبھاش لامبا نے آج کہا کہ کمیٹی کل دیررات ہڑتال پر آگے بڑھی۔انہوں نے کہا کہ نجکاری کے فیصلے پر ہریانہ حکومت اپنے فیصلہ پر قائم رہی جس سے ملازمین کوہڑتال پر جانے کو مجبور ہونا پڑا۔لامبا نے کہا کہ ریاست کے بجلی محکمہ کے تقریبا 23ہزار ملازمین نے کام بندکردیاہے۔انہوں نے کہاکہ معاملہ اب بھی حل ہو سکتا ہے ، اگرچہ وزیر اعلی منوہر لال کھٹر خود مداخلت کریں اور حکومت 23سب ڈویژنوں کی نجکاری کے فیصلے کو واپس لے لے۔لامبا نے کہا کہ ہڑتال پرامن رہے گی اور کوئی بھی بجلی ملازم بجلی کی فراہمی ٹھپ کرنے کی کسی سرگرمی میں شامل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نجکاری سے حکومت کو کسی بھی طرح کا فائدہ نہیں ہوگابلکہ اس سے حکومت پر الٹامالی بوجھ بڑھے گا۔ریاست میں مختلف مقامات پر بجلی کے ملازمین نے آؤٹ سورسنگ کے فیصلے اور ایسما لگائے جانے کو لے کر ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔


Share: