لکھنؤ؍نئی دہلی،3؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) شمالی ہند کے متعدد علاقوں میں سنیچر کو ہلکی بارش اور ژالہ باری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ گھنے کہرے کی وجہ سے سڑکوں پر خاص طور سے صبح کے وقت گاڑیوں کا چلانا محا ہوگیاہے۔
ہلکی بارش اور ژالہ باری: سنیچر کو دہلی ، اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں ہلکی بارش کے ساتھ ہی ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حصار میں درجہ حرارت2؍ ڈگری ریکارڈ کیاگیاہے جبکہ پنجاب 6.2؍ ڈگری پر ٹھٹھر رہا ہے۔ دہلی میں کہرے کی وجہ سے حدنگاہ گھٹ کر201؍ میٹر رہ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صفدر جنگ اور لودھی روڈ میں صبح ساڑھے8؍ کے بعد 5.1؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اُدھر ہماچل پردیش میں بھاری برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی راجستھان، دہلی، مغربی یوپی، پنجاب اور ہریانہ میں آئندہ چند دنوں تک ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
موسم کے بگڑتے مزاج کا اثر یوپی پر بھی : دہلی اور ہریانہ میں موسم کے بگڑتے مزاج کا اثر یوپی پر بھی صاف دکھائی دے رہا ہے۔ مغربی یوپی میں سردی میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں اس علاقہ میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ۳؍تا۷؍جنوری تک مغربی یوپی کے بیشتر اضلاع میں رک رک کر بارش ہونے اور بوچھاریں پڑنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ مشرقی یوپی کے چند ایک اضلاع میں بھی کم و بیش یہی صورتحال رہے گی۔محکمہ موسمیات نے الرٹ بھی جاری کیا ہے ۔
3؍ سے 7؍ جنوری کے درمیان سردی میں اضافہ: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہوائوں میں دبائو کے باعث دہلی اور ہریانہ کے کئی حصوں میں موسم تیزی سے بدلا ہے اور گلن اور ٹھٹھرن کی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔ قومی راجدھانی اور ہریانہ کے کئی اضلاع میں بارش بھی ہوئی ہے، جس کے سبب درجہ حرارت میں مزید کمی آئی ہے۔ان تبدیلیوں کا اثر یوپی کے کئی اضلاع میں بطور خاص مغربی ضلعوں میں دیکھا جا رہا ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ 3؍جنوری سے 7؍ جنوری تک مغربی یوپی کے بیشتر اضلاع میں سردی میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ساتھ ہی، رک رک کربارش بھی ہوتی رہے گی جبکہ کئی مقامات پر بوچھاریں بھی پڑ سکتی ہیں۔
کئی جگہوں پر موسم میں نمایاں تبدیلی: محکمہ موسمیات کے مطابق جن اضلاع میں 3؍جنوری کے بعد موسم میں نمایاں تبدیلی ہو گی ان میں سہارنپور، سنبھل، مظفر نگر، باغپت، میرٹھ، غازی آباد، نوئیڈا، علی گڑھ، ہاپوڑ، متھرا،بجنور، امروہہ ، رامپور اور مراد نگر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ شاملی،کاس گنج، بریلی اور بدایوں میں بھی کم و بیش یہی صورتحال رہے گی۔ان اضلاع میں بارش اور بوچھاروں کی پیش گوئی کے ساتھ ساتھ الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح، بلند شہر،ایٹہ، ہاتھرس،آگرہ، فیروزہ آباد، پیلی بھیت، فرخ آباد جیسے اضلاع بھی اس طرح کی بارش اور بوچھاروں کی زد میں رہیں گے۔ گھن گرج کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
پنجاب اور ہریانہ میں کڑاکے کی ٹھنڈ: سرد لہر سے پنجاب اور ہریانہ میں لوگ ٹھٹھرنے پر مجبور ہیں۔ سنیچر کو حصار میں درجہ حرارت ۲؍ ڈگری ریکارڈ کیاگیاہے۔ دونوں ہی ریاستوں میں رات میں بارش بھی ہوئی ہے جس نے سرد لہر میں اضافہ کردیا ہے۔ جن علاقوں میں بارش ہوئی ہے ان میں چندی گڑھ، امبالہ، کرنال، سرسا، لدھیانہ اور پٹیالہ شامل ہیں۔
پنجاب کا سرد ترین قوامی راجدھانی امرتسر رہا جہاں درجہ حرارت 6.2؍ ڈگری ریکارڈ کیاگیاہے جبکہ لدھیانہ اور پٹیالہ میں پارہ 9.3؍ اور 4.6؍ ڈگری تک پہنچ گیا۔ سردی کی اس لہر کے دوران دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے کسانوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔