ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہلیال میں لڑکی کو بچانے کی کوشش میں لڑکی کا والد سمیت چار ہلاک؛ ماں کو بچالیا گیا

ہلیال میں لڑکی کو بچانے کی کوشش میں لڑکی کا والد سمیت چار ہلاک؛ ماں کو بچالیا گیا

Mon, 17 Dec 2018 19:26:21    S.O. News Service

بھٹکل 17/ڈسمبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے ہلیال  میں پیش آئے ایک المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد اُس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک لڑکی کو بچانے کی کوشش میں دو لڑکے اور لڑکی کا والد بھی ندی میں ڈوب کر غرق ہوگیا، البتہ لڑکی کی ماں کو بچالیا گیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  ہلیال تعلقہ کے بومنلّی  دیہات میں کالی ندی پر ایک خاتون  رانی بائی کپڑے دھو رہی تھی، جبکہ  ان کے  دو بچے  اور ایک  دیور کا بیٹا قریب ہی کھیل رہے تھے، اس دوران اچانک  رانی بائی کی نو سالہ بیٹی  گائتری ندی میں گرگئی۔ قریب میں موجود  دیگر دو لڑکے اسے بچانے کی کوشش میں آگے بڑھے، مگر بچانے کی کوشش میں وہ بھی ڈوبنے لگے، یہ دیکھ کر رانی بائی  بچوں کو بچانے کے لئے ندی میں اُتر گئی اور وہ بھی ڈوبنے لگی، یہ سب دیکھ کر اس کا شوہر بھاگتا ہوا آیا اورسبھوں کو   بچانے کے لئے ندی میں کود گیا، مگر  بیوی اور بچوں کو  بچانے کی کوشش میں وہ بھی غرق ہوگیا۔ یہ سب کچھ اتنی  جلدی میں ہوا کہ کسی کو سوچنے  کی مہلت بھی نہیں مل سکی۔

چینخ پکار سن کر مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچے، مگر اُس وقت چاروں لوگ غرق ہوچکے تھے، البتہ لوگوں نے رانی بائی کو بچالیا۔ مرنے والوں کی شناخت گائتری دولو گاوڑے (9)، کرشنا دو لو گاوڑے (6)، ستیش بیرو گاوڑے (7) اور دولو گاوڑے (48) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ واقعہ ہلیال سے قریب 35 کلو میٹر امبیکا نگر کے قریب بومنلّی میں پیر کی شام کو پیش آیا۔

امبیکا نگر پولس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائےوقوع پر پہنچ گئی ہے اورندی میں غرق  لوگوں کی تلاش جاری ہے۔رات آٹھ بجے تک ملنے والی اطلاع کے مطابق گائتری کی نعش ندی سے برآمد کرلی گئی تھی، بقیہ تین کی تلاش جاری تھی۔ 

 بچنے والے خاتون کو شدید زخمی حالت میں  قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

ایک ساتھ چار لوگوں کی موت واقع ہونے پر پورے گاوں میں ماتم چھا گیا ہے۔


Share: