ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہلیال :سرکاری بسوں میں سفر کے لئے امڈتی بے قابو بھیڑ کو پولیس عملہ نے سکھایا سبق !

ہلیال :سرکاری بسوں میں سفر کے لئے امڈتی بے قابو بھیڑ کو پولیس عملہ نے سکھایا سبق !

Tue, 20 Jun 2023 11:46:13    S.O. News Service

ہلیال، 20 / جون (ایس او نیوز) سرکاری بسوں میں خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت فراہم کیے جانے کے بعد بس اسٹینڈس پر مسافروں کی بھیڑ امڈنے لگی ہے اور بسوں کے اندر سیٹ پانے کے لئے جو دوڑ بھاگ اور ہنگامہ مچتا ہے اس سے بسوں میں چڑھنے اور اترنے والے مسافروں کی جان کو خطرہ لاحق ہوتا جا رہا ہے ۔
    
ہلیال بس اسٹینڈ پر بھی پچھلے کچھ دنوں سے قانون اور ضابطہ کی پروا کیے بغیر بسوں میں گھسنے کی کوشش ، غیر محفوظ طریقے سفر، سیٹ پانے کے لئے دھکم دھکا اور بھیڑ بھاڑ کی صورتحال زیادہ ہی خراب ہوگئی تھی اور مسافروں کو قابو میں رکھنے کے لئے بس عملہ کی طرف سے کی جا رہی کوشش کا کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا تھا ۔
    
اس بات کو محسوس کرتے ہوئے ہلیال پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ونود ریڈی نے اپنے عملہ کے ساتھ ہلیال بس اسٹینڈ پر پہنچ کر خود ہی حالات کو قابو میں کرنے کی ذمہ داری سنبھالی ۔ انہوں نے تمام مسافروں کو قطار میں لگ کر مہذب طریقے سے بسوں میں سوار ہونے کی تاکید کی ۔ غیر ذمہ دارانہ رویہ اور بے ضابطگی کا مظاہرہ کرنے والے مسافروں پر پی ایس آئی نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے انہیں شائستگی کے سبق پڑھایا ۔ انہوں نے مسافروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا اب اگر اس کے بعد مسافروں کی طرف سے بھیڑ بھاڑ اور بے لگام دوڑ بھاگ نظر آئی تو پھر مسافروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی ان سے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔ 
    
پی ایس آئی ونود نے اپنی ٹیم کے ساتھ بڑی دیر تک بس اسٹینڈ میں رکتے ہوئے مسافروں کے بس میں سوار ہونے اور اترنے کی کیفیت کی نگرانی کی۔


Share: