بنگلور،30جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے سلامی بلے باز مرلی وجے ٹیم کیلئے نئے مقرر چیف کوچ انیل کمبلے کے بہت بڑے پرستار ہیں اور انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اس عظیم لیگ اسپنر سے سیکھنے کا سنہرا موقع ملا ہے۔وجے نے یہاں کے ایس سی اے اسٹیڈیم میں لگے ہندوستانی کیمپ کے دوسرے دن صحافیوں سے کہا کہ میرا پہلا ٹیسٹ میچ ان کا آخری ٹیسٹ میچ تھا اور میں ان کے ساتھ زیادہ وقت گزار نہیں پایا لیکن میں جب نوجوان تھا، اس کے بعد سے ان کا بہت بڑا مداح ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ نوجوانوں کے پاس ان سے کرکٹ کے بارے میں بات کرنے اور ان سے کافی کچھ سیکھ کر آگے بڑھنے کا بہترین موقع ہے،اس لیے یہ ہمارے لئے اچھا وقت ہو گا۔یہ پوچھنے پر کہ کمبلے۔وراٹ کوہلی کے مجموعہ کے بارے میں وہ کیا کہنا چاہیں گے؟ تووجے نے کہا کہ اس طرح کا تبصرہ کرنے کے لئے یہ بہت جلدبازی ہوگی لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی کرکٹ کیلئے اگلے 12ماہ شاندار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میں وقت سے آگے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔اس پر تبصرہ کرنا بہت جلدبازی ہوگی، لیکن بطور ٹیم ہمارے لیے اگلے 12ماہ شاندار ہوں گے، میں آپ کو اس کی ضمات دے سکتا ہوں،ہم اس کیلئے تیار ہیں اور ہم آئندہ 12ماہ میں صرف بہترین ہونا چاہتے ہیں۔