نئی دہلی،8؍مارچ(آئی این ایس انڈیا) ہندوستان اورچین کے درمیان کور کمانڈر سطح کی بات چیت کا 15 واں دور مولڈو میٹنگ پوائنٹ پر منعقد ہوگا۔ دفاعی اداروں سے وابستہ ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی ہے۔فریقین کے درمیان 14 دور کی بات چیت میں کئی معاملات پر تعطل حل ہو گیا ہے۔ ہندوستان اور چین کے درمیان پینگونگ سو جھیل، گالوان ویلی اور گوگرا ہاٹ اسپرنگس کے شمالی اور جنوبی کناروں کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پاگیاہے۔
دونوں فریق اب تعطل کے باقی ماندہ شعبوں پربات چیت پر توجہ مرکوز کریں گے۔ دونوں فریقوں کے درمیان آنے والے حالیہ بیانات میں دونوں فریقوں کے لیے قابل قبول حل تک پہنچنے کی بات کہی گئی ہے اورماحول مثبت دکھائی دے رہا ہے۔ بھارت اور چین کے درمیان مذاکرات کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب یوکرین کے بحران نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
یوکرین کے معاملے پر بھارت اور چین کا متوازن موقف کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ ہندوستان اور چین کی فوجوں کے درمیان بات چیت کا 14 واں دور جنوری 2022 میں منعقد ہوا تھا۔ اس میں کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔ اس کے بعد دونوں فریقوں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور تعطل کے باقی ماندہ مسائل کے جلد از جلد باہمی طور پر قابل قبول حل کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف نے تب کہا تھا کہ ہندوستان 14 ویں دور کی بات چیت میں مشرقی لداخ میں پٹرول پوائنٹ 15 (ہاٹ اسپرنگس) سے فوجیوں کی واپسی سے متعلق مسائل کے حل کا منتظر ہے۔