ہوناور:14؍جنوری (ایس او نیوز)ہوناور کے الگ الگ دیہاتوں میں گذشتہ 13 دنوں میں پانچ بندر مردہ پائے جانے سے پورے علاقہ میں بندر بخار پھیلنے کا خوف پیدا ہوگیا ہے۔ ہوناور میں بندر مردہ حالت میں پائے جانے کی تازہ واردات پیر کو سامنے آئی ہے جس میں تعلقہ کے خوبصورت مقام کریکان پرمیشوری مندر کے قریب ایک بندر مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 13دنوں کے دوران سالکوڈ دیہات کے حدود میں کل 5بندرمردہ پائےگئے ہیں۔ شبہ ظاہر کیا جارہاہے کہ کیسنور نامی بیماری سے ہی بندروں کی موت ہوئی ہوگی۔
پرمیشوری مندر کے قریب اتوار کو ایک بندر کے مردہ پائے جانےکی اطلاع ملتے ہی مندر کے پجاری نے متعلقہ محکمہ کو جانکاری دی ۔ صحت عامہ مرکز کے ڈاکٹر ونایک نے جائے پر وقوع پہنچ کر مردہ بندر کاخون لے کر جانچ کے لئے اعلیٰ افسران کے توسط سے لیباریٹری کو بھیج دیا ۔
ذرائع کے مطابق تعلقہ کے سالکوڈ حدود کے کانکی، کانکی بین اور کریکالمامندر کے نواح میں جو بندر مردہ حالت میں پائے گئے تھے ، اس تعلق سے کے ایف ڈی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ستیش شیٹھ نے شبہ جتایا ہے کہ کیشنور نامی مرض سے بندروں کی موت ہوئی ہوگی۔
اس دوران اسی علاقےمیں گزشتہ ماہ ہلاک ہوئے ایک بندر کے خون جانچ کی رپورٹ موصول ہونے کی خبر ہے جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ وہ بندر کیسنور مرض سے ہی ہلاک ہوا تھا۔
تازہ واردات کے بعد مردہ بندر کو جلا کر اس جگہ کے اطراف مرض کو روکنے والی دواوں کا چھڑکاؤ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ستیش شیٹھ کے مطابق ہوناور تعلقہ میں کہیں اور بندر مرنے کاپتہ نہیں چلا ہے ،اسی طرح بندر بخارمیں مبتلا ہونے کا اب تک کوئی معاملہ بھی درج نہیں ہواہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی طرف سے منکی فیور (بندر بخار) کی روک تھام کے لئے پیشگی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوامخواہ خوف وہراس میں مبتلا نہ ہوں۔
واضح رہے کہ بندر سے پھیلنے والی بیماری کو ’کیاسانور فاریسٹ ڈیسیز‘(کے ایف ڈی) کہاجاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 1957میں شیموگہ کے کیاسانور جنگلاتی علاقے سے پہلی مرتبہ یہ بیماری دیکھنے میں آئی تھی جس میں سینکڑوں بندر ہلاک ہوگئے تھے، بندروں کی ہلاکت کے بعد یہ وبا انسانوں میں عام ہوگئی تھی۔ اب پچھلے کچھ ونوں سے شیموگہ ضلع کے ساگر میں بندر کے بخارکے معاملے سامنے آئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ساگر میں اب تک اس بخار سے آٹھ افراد کی موت واقع ہوچکی ہے اور بہت سارے افراد اس کے وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔شموگہ کے بعد گذشتہ روز ہی ضلع اڈپی کے بعض دیہاتوں میں بھی بندروں کی موت واقع ہونے کی اطلاعات ملی تھیں، اور اب ضلع شمالی کینرا کے ہوناور سے بھی بندروں کی ہلاکت کی خبر ملی ہے، جس سے عوام میں تشویش پائی جارہی ہے۔