ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپور: ڈرائیوروں کی ہوشیاری اور چوکسی سے ٹل گیا بڑا حادثہ ۔ درجنوں مسافر محفوظ

یلاپور: ڈرائیوروں کی ہوشیاری اور چوکسی سے ٹل گیا بڑا حادثہ ۔ درجنوں مسافر محفوظ

Sun, 30 Dec 2018 13:58:14    S.O. News Service

یلاپور30؍دسمبر(ایس او نیوز) بس ڈرائیور کی چوکسی اور ٹرک ڈرائیور کی ہوشیاری سے یلاپور کے اریبیل علاقے میں گھاٹ پر ایک بڑا متوقع حادثہ ٹل گیا اور بس میں موجود درجنوں مسافر محفوظ رہے۔

بتایا جاتا ہے کہ گدگ ڈپو سے متعلقہ ایک کے ایس آر ٹی سی بس ہبلی کے راستے کاروار کی طرف آرہی تھی۔ یلاپور کے گھاٹ سیکشن پر بس کے بریکس خراب ہوگئے اور ڈھلان پر بس بڑی تیزی سے اترنے لگی۔  بس ڈرائیور کے لئے اس پر قابو رکھنا مشکل ہوگیا، جس سے بس میں موجود مسافروں میں دہشت پھیل گئی۔ اسی دوران سڑک پرسامنے جو ٹرک چل رہاتھا بس اس سے دو بار ٹکرا گئی۔ ٹرک کے ڈرائیور ایرنّا نے محسوس کیا کہ بس کے بریک فیل ہوگئے ہیں اس لئے بس کو قابو میں رکھنے کے لئے اپنے ٹرک کی آڑ دیتے ہوئے اسے روکنا اور اس کی رفتار پر قابو پانا ضروری ہے۔ لہٰذا بڑی ہوشیاری کے ساتھ ٹرک ڈرائیور نے اپنی جان پر کھیل کر اپنے ٹرک کو مہارت کے ساتھ بس کے راستے میں رکھا اور دھیرے دھیرے اس کی رفتار کم کرنے کی کوشش کی اورتقریباً ایک کیلو میٹر تک بس کو اپنے ٹرک کے پیچھے چپکائے ہوئے چلنے کے بعد بالآخر بس کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔

کہاجاتا ہے کہ اگر بے قابو بس کے راستے میں ٹرک نہ ہوتا او راس کے ڈرائیور نے بس کے دھکے عقلمندی کے ساتھ برداشت نہیں کیے ہوتے تو پھر پہاڑی پر بس کا کھائی میں گرنا یقینی تھااور مسافروں کے لئے یہ حادثہ بھیانک اور جان لیوا ثابت ہوسکتا تھا۔حالانکہ ٹرک کا پچھلا حصہ اور بس کا اگلا حصہ اس حادثے میں بڑی حد تک ٹوٹ پھوٹ گیا ہے ،لیکن مسافروں کو صحیح سلامت رکھنے میں ٹرک ڈرائیور کے کردار کی بس ڈرائیور اور مسافروں نے بہت ستائش کی ہے۔ 


Share: