کاروار:4جولائی (ایس اؤ نیوز)یلاپور کی شاردا گلی میں 18اور19دسمبر 2020کے دوران ایک گھر میں ہوئی چوری کے معاملے کو سلجھاتے ہوئے پولس نے دو لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے اور پولس ذرائع کے مطابق پولس نے گرفتار شدگان سے 42گرام وزنی سونے کےاور100گرام وزنی چاندی کے زیورات ضبط کرلئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ 18اور19دسمبر 2020کے درمیان یلاپور کی شاردا گلی کےمکین چندرشیکھر نرسمہا ہیگڈے کےگھر کےاندر گھس کر الماری میں موجود سونے اور چاندی کے زیورات چوری کرکے فرار ہونےکے متعلق یلاپور پولس تھانے میں شکایت درج ہوئی تھی۔ شکایت پر کارروائی کرتےہوئے یلاپور پولس نے چوری کے معاملے کو سلجھا تے ہوئے 2ملزموں کو گرفتارکیا ہے اور قریب 2لاکھ 20ہزار روپئے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات ضبط کرلئےہیں۔
پولس ذرائع کے مطابق گرفتارشدگان سےپوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا ہے کہ ان دونوں نے کاروار، یلاپور، بھٹکل ، سداپور سمیت پڑوسی ضلع شیموگہ کے سورب ،کلگھٹگی اور ہبلی وغیرہ میں بھی چوری کی وارداتوں کو انجام دیا ہے۔ اس کےعلاوہ یلاپور تعلقہ اور شہر کے اطراف میں پچھلے تین چار برسوں سے گھروں کی چوری اور بینکوں میں ڈکیتی کئے جانے کا بھی جانچ کے دوران پتہ چلا ہے۔
کارروائی میں شریک سبھی پولس افسران اور عملے کی اُترکنڑا ایس پی شیو پرکاش دیوراج نے ستائش کی ہے۔ کارروائی میں یلاپور کے پی ایس آئی سریش یلور، پی ایس آئی منجوناتھ گوڈر اور پروبیشنری پی ایس آئی مشہد احمد سمیت پولس کا دیگر عملہ شریک تھا۔