لکھنؤ،20؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں تیسرے مرحلےکے تحت 16 اضلاع کی 59 سیٹوں پر جاری ووٹنگ میں صبح 11 بجے تک 21.18 فیصد رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔ دریں اثنا، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن سے موصول اعدادوشمار کے مطابق صبح گیارہ بجے تک سب سے زیادہ للت پور میں25.80فیصد ووٹنگ ہوئی ہے جبکہ کانپور (شہر ) میں سب سے کم 16.79فیصد ووٹر وں نے ہی اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔
اس کے علاوہ ضلع ہاتھرس میں22.67 فیصد، ضلع فیروزآباد میں24.32فیصد، ضلع کاس گنج میں 22.54فیصد، ضلع ایٹہ میں 24.30فیصد، ضلع مین پوری میں24.46فیصد، فرخ آباد میں 19.64 فیصد، قنوج میں 22.00 فیصد، اٹاوہ میں 19.84 فیصد، اوریا میں 18.53 فیصد، کانپور (دیہات) میں 19.86 فیصد، جالون میں 21.66 فیصد، جھانسی میں 19.11 فیصد، ہمیرپور میں 23.30 فیصد، مہوبہ میں 23.50 فیصد رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔
اس مرحلے میں 2.16 کروڑ ووٹر 627 امیدواروں کی قسمت پر مہر ثبت کررہے ہیں ۔اس مرحلے میں نہ صرف یوگی حکومت کے وزراء بلکہ مرکزی وزیر کی ساکھ بھی داؤ پر لگ گئی ہے۔ ان میں مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل مین پوری کی کرہل سیٹ پر ایس پی صدر اکھلیش یادو کو چیلنج دے رہے ہیں، جو تیسرے مرحلے کی پولنگ میں سب سے اہم سیٹوں میں سے ایک ہے۔ یوگی حکومت میں ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے وزیر رام نریش اگنی ہوتری اسی ضلع کی بھوگاؤں سیٹ پر قسمت آزما رہے ہیں اور ستیش مہانا کانپور ضلع کی مہاراج گنج سیٹ پر قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی سادآباد، جسونت نگر، فرخ آباد اور قنوج وہ اسمبلی حلقے ہیں جہاں پر معروف چہرے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ایس پی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے بھائی شیو پال سنگھ یادو اٹاوہ کی جسونت نگر سیٹ سے ایس پی کے نشان پر میدان میں ہیں۔ جبکہ ملائم کے دوست ہری اوم یادو بی جے پی کے ٹکٹ پر سرسا گنج سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔جبکہ کبھی بی ایس پی کا برہمن چہرہ سمجھے جانے والے رامویراپادھیائے بی جے پی کے ٹکٹ پر سادآباد سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔
ایس پی سربراہ اور کرہل سے پارٹی کے امیدوار اکھلیش یادو نے جسونت نگر میں ووٹنگ کے بعد کہا، ’’بی جے پی کا خاتمہ ہونے جا رہا ہے۔ یوپی کے کسان انہیں معاف نہیں کریں گے۔ ہم نے پہلے 2 مرحلوں میں سنچری بنائی ہے اور اس مرحلے میں بھی ایس پی اور اتحاد سب سے آگے ہوگا۔‘‘