ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی انتخابات: پانچویں مرحلے کی ووٹنگ جاری، کئی اہم لیڈروں نے ڈالا ووٹ

یوپی انتخابات: پانچویں مرحلے کی ووٹنگ جاری، کئی اہم لیڈروں نے ڈالا ووٹ

Sun, 27 Feb 2022 12:09:19    S.O. News Service

لکھنؤ،27؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی)  اتر پردیش میں آج پانچویں مرحلے کی پولنگ ہو رہی ہے۔ 12 اضلاع کی 61 سیٹوں پر صبح 9 بجے تک 8.02 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ اس مرحلے کے 693 امیدواروں میں سے 90 خواتین ہیں۔ پانچویں مرحلے میں 2.25 ووٹروں میں سے 1.20 کروڑ مرد، 1.05 کروڑ خواتین اور 1727 خراجہ سرا ہیں۔

پانچویں ووٹ کے دوران الہ آباد کی ایم پی ریتا بہوگنا جوشی نے بھی اپنے شوہر کے ساتھ ووٹ ڈالا۔ انہوں نے بوائز ہائی اسکول کے پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ لکھنؤ کے کینٹ علاقے سے اپنے بیٹے کو بی جے پی کا ٹکٹ دلانے کے معاملے میں زیر بحث رہیں ریتا بہوگنا جوشی نے ووٹ ڈالنے کے بعد کہا ’’اتر پردیش میں حکومت ہماری ہی بنے گی۔ ہمیں اس بار 300 سے زیادہ سیٹوں کی امید ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ پانچویں مرحلے میں یہ 70 فیصد ہو جائے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ ووٹر بی جے پی کے ترقیاتی کاموں کے ساتھ جائیں گے۔ اس لیے ہمیں بڑی فتح ملے گی اور بی جے پی 300 سے زیادہ سیٹیں جیت کر ایک بار پھر حکومت بنائے گی۔‘‘

یوگی حکومت میں کابینہ کے وزیر اور الہ آباد کی الہ آباد مغربی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار سدھارتھ ناتھ سنگھ نے اپنے خاندان کے ساتھ سول لائنز میں جوالا دیوی انٹر کالج میں جا کر اپنا ووٹ ڈالا۔ اس سے پہلے وہ گھر کے قریب مندر گئے اور اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ پوجا کی۔

ووٹنگ کے بعد سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ ریاست میں آج پانچویں مرحلے کے لیے ووٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ بی جے پی نے ہر مرحلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس مرحلے میں بھی 61 میں سے 50 سے زیادہ سیٹیں جیت لے گی۔ اس بار بھی بی جے پی انتخابات میں 300 کا ہندسہ عبور کرے گی۔

الہ آباد کے ہنڈیا نگر پنچایت کے وارڈ 2 کے پرائمری اسکول ڈیڈھا پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ نہیں ہو رہی ہے۔ نکاسی آب نہ ہونے سے عوام ناراض ہیں اور انہوں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ گاؤں والوں نے پہلے بھی احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کو خبردار کیا تھا۔

پانچویں مرحلے میں پانچ منڈلوں (ایودھیا، لکھنؤ، چترکوٹ دھام، پریاگ راج اور دیوی پاٹن) کے 12 اضلاع امیٹھی، رائے بریلی، سلطان پور، چترکوٹ، پرتاپ گڑھ، کوشامبی، الہ آباد، بارہ بنکی، ایودھیا، بہرائچ، شراستی اور گونڈہ میں پولنگ ہو رہی ہے۔ 12 اضلاع کے 61 اسمبلی حلقوں میں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ، یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں کابینہ کے وزرا سدھارتھ ناتھ سنگھ، راجندر پرتاپ سنگھ عرف موتی سنگھ، نند گوپال گپتا اور رماپتی شاستری اور ریاستی وزیر چندریکا پرساد اپادھیائے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

ان سب کے ساتھ پرتاپ گڑھ کے کنڈا سے رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجا بھیا، جنستا دل لوک تانترک اور مونا رامپور خاص سے کانگریس قانون ساز پارٹی کی لیڈر آرادھنا مشرا مونا میدان میں ہیں۔


Share: