لکھنؤ،02؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) اترپردیش میں ان دنوں یوپی بورڈ کے نتائج میں ’نمبروں کے کھیل‘کو لے کر مبینہ بدعنوانی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ سرکار معاملے کی جانچ کی بات کہہ رہی ہے۔ وہیں اپوزیشن جماعتوں سمیت تعلیمی اداروں نے ریاستی حکومت کو گھیرنا شروع کردیا ہے۔
دراصل سوشل میڈیا پر جوپوسٹ شیئر ہورہی ہے، اس میں یوپی بورڈ امتحان کی کاپیاں اور او ایم آر شیٹ میں نمبروں کا فرق بتایاجارہا ہے، اس میں حقائق کے ساتھ اوایم آر شیٹ اور مارکشیٹ سوشل میڈیا میں وائرل ہورہی ہے۔
معاملے میں نائب وزیراعلیٰ دنیش شرما نے کہا کہ اگر معاملے میں سچائی ہے تو قصوروار لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ حالانکہ ساتھ ہی وہ یہ کہتے ہیں کہ اس طرح کی بدعنوانی ہو، ایسا نہیں لگتا۔
واضح رہے کی یوپی کی یوگی حکومت نے بورڈ امتحانات کو لے کر بڑے بڑے دعوے کئے تھے۔ کہا گیا ہے کہ 20000 کروڑ کے غیر قانونی کاروبار پر لگام لگی ہے، لیکن اس سے ہٹ کر دیکھاجائے تو کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں میں بورڈ امتحان کی کاپیوں اور اوایم آر شیٹ میں نمبروں کا فرق بتایاجارہا ہے۔