لکھنو ،25 ؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریاست کے تمام محکموں میں خالی آسامیوں کے لئے بھرتی کا عمل تین ماہ کے اندر شروع کریں۔
ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے چیف سیکرٹری سمیت تمام ایڈیشنل چیف سیکرٹریوں اور پرنسپل سیکرٹریوں سے ایک ہفتے میں خالی آسامیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کو کہا ہے۔ حکومتی تخمینے کے مطابق یوپی کے تمام محکموں میں تقریبا پانچ لاکھ آسامیاں خالی ہیں ، جو چھ ماہ میں پُرکی جائیں گی۔ ریاستی حکومت کا دعوی ہے کہ اب تک 3 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں مہیا کی جاچکی ہیں۔
ایک پریس ریلیز میں ریاستی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے 2017 سے اب تک خالی آسامیوں میںہونے والی بھرتیوں میں پولیس محکمہ میں 137253 بھرتی کی گئیں۔ میڈیکل ، ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں گروپ ’بی‘ ،’سی‘ اور’ڈی‘ کے 8556 اور قومی صحت مشن کے تحت 28622 بھرتیاں مکمل کی گئیں۔ کہا جارہا ہے کہ اگر وزیر اعلی یوگی کے اقدام پورے ہوئے تو ریاست کے پانچ لاکھ سے زیادہ بے روزگار افراد چھ ماہ کے اندر سرکاری ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔
حکومتی ترجمان کے مطابق ریاست میں ریاستی ملازمین کی 12.64 لاکھ سے زیادہ آسامیوں میں تقریبا 3.25 لاکھ آسامیاں خالی ہیں۔ اساتذہ کی خالی آسامیوں سمیت تب یہ تعداد 5 لاکھ کو عبور کرلیتی ہے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق اگر آسامیاں پُرکی گئیں تو ہر طرح کے میرٹ کے نوجوانوں کو موقع مل سکتا ہے۔ ان میں پی پی ایس سے لے کر ضلعی سطح تک مختلف کیڈروں کے افسران کے ساتھ لیکھ پال ، ریونیو انسپکٹر ، رورل ڈویلپمنٹ آفیسر ، گائوں پنچایت آفیسر ، ہیلتھ ورکر ، نرس ، ٹیچر ، انجینئر ، منیجر جیسی پوسٹس شامل ہیں۔