ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’زراعت مخالف قانون واپس لو، ورنہ سچائی اور عدم تشدد کی طاقت دیکھنے کو تیار رہو‘: راہل گاندھی

’زراعت مخالف قانون واپس لو، ورنہ سچائی اور عدم تشدد کی طاقت دیکھنے کو تیار رہو‘: راہل گاندھی

Thu, 09 Sep 2021 12:04:13    S.O. News Service

نئی دہلی،9؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  مرکز کے تینوں زرعی قوانین کی مخالفت کر رہے کسانوں کے حق میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اکثر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ہریانہ کے کرنال میں منی سکریٹریٹ پر چل رہے کسانوں کے مظاہرہ کے درمیان ایک بار پھر راہل گاندھی نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

راہل گاندھی نے انسٹاگرام پر اپنے ایک پوسٹ میں لکھا ہے ’’ستیاگرہی اَن داتا (جدوجہد کر رہے کسان) ہمارے اپنے ہیں۔ ان سے ڈرو مت! زراعت مخالف قانون واپس لو ورنہ سچائی اور عدم تشدد کی طاقت دیکھنے کو تیار رہو۔ کیونکہ میرے ملک کا کسان اب پیچھے نہیں ہٹے گا۔‘‘

اس سے قبل راہل گاندھی نے منگل اور پیر کو بھی کسانوں کو لے کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا جس میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ منگل کے روز ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے لکھا تھا ’’جہاں ہر-ہر اَن داتا، گھر-گھر اَن داتا، وہاں کس-کس کو روکو گے؟‘‘ اور پیر کے روز انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا تھا ’’ڈٹا ہے، بے خوف ہے، اِدھر ہے، بھارت بھاگیہ وِدھاتا!‘‘

واضح رہے کہ کرنال میں کسانوں کی مہاپنچایت کا انعقاد ہوا تھا جس میں لوگوں کی زبردست بھیڑ جمع ہوئی تھی۔ اس کے بعد کسانوں نے کرنال منی سکریٹریٹ کا گھیراؤ کیا۔ کسان اب بھی سکریٹریٹ میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ آج بھی کسان لیڈروں اور انتظامیہ کے درمیان بات چیت ہوئی، لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ دراصل کسان مطالبہ کر رہے ہیں کہ کرنال میں کسانوں پر لاٹھی چارج کا حکم دینے والے افسر کے خلاف کارروائی کی جائے۔


Share: