مودی کی نصیحت کے تناظرمیں سبرامنیم سوامی کادعویٰ
نئی دہلی، 29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے آج کہا کہ وہ شہرت کے پیچھے نہیں بھاگتے بلکہ شہرت ان کے پیچھے بے تحاشہ بھاگتی ہے اوراس تناظر میں انہوں نے اپنے دروازے کے باہر کھڑے بہت سے میڈیا اہلکاروں کا حوالہ دیا۔دراصل وزیر اعظم نریندرمودی نے سوامی کے تبصرے کو مستردکرتے ہوئے اسے شہرت پانے کا ذریعہ بتایا تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ مودی کے حامی ہیں اور ان کے حوصلے کی داد دیتے ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے ان کو مشتعل کرنے کے لیے جان بوجھ کر جھوٹی خبریں شائع کرنے کے لیے میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔سوامی نے ٹوئٹ کیاکہ ،نیا مسئلہ،جب شہرت مسلسل ایک سیاستدان کے پیچھے بھاگتی ہے۔30اووی آپ کے گھر کے باہر ہیں، چینلوں اوراخبارات کے200مس کال ۔انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہاکہ پریس والے ہر روز جان بوجھ کر جھوٹی کہانیاں بناتے ہیں اور یہ امید کرتے ہیں کہ میں ان کے اکساوے میں آکرجواب دوں گا، ہاں ، انہیں ایسی امیدہے۔سوامی نے کہاکہ میں نے پہلے بھی کہا ہے اور پھر کہنا چاہتا ہوں چاہے کتنی بھی آفتیں آئیں ،میں مودی کے ساتھ ہوں، میں نے ان کے حوصلے کی داددیتا ہوں۔کوئی غیر ملکی طاقت ان کو جھکا نہیں سکتی۔غورطلب ہے کہ راجیہ سبھا کے رکن سوامی آر بی آئی کے گورنر رگھو رام راجن پر نشانہ سادھتے رہے ہیں اور اسی سلسلہ میں انہوں نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو بھی اپنے نشانے پر لے لیا، لیکن ان کا یہ داؤ بھاری پڑا اور پارٹی ہائی کمان نے اس پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور مودی نے بالواسطہ طور پر ان کے تبصرے کو مسترد کر دیا۔