بنگلورو،7؍اکتوبر(ایس او نیوز) ضلع کوڈاگوکی سیرکے لیے جانے والے سیاحوں سے کوروناکے پھیلاؤ کی روک تھام کے مقصدسے نئے رہنماخطوط ترتیب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔مشہوردسہرہ تہوارکوانتہائی سخت پابندیوں کے ساتھ منایاجائے گا۔یہ باتیں ریاستی وزیربرائے طبی تعلیم ڈاکٹرکے سدھاکرنے کہیں۔ بروزمنگل مرکیری ضلع پنچایت آڈیٹوریم میں ہوئے اعلیٰ افسروں کے اجلاس کے بعداخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ 15اکتوبرکے بعدبھی ریاست میں اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ میسوردسہرہ کے پیش نظرسیاحوں کا ضلع میں آناجانارہتاہے۔تمام سیاحوں کے لیے کووڈ۔19ٹیسٹ لازمی کرناہوگا۔ تمام سیاحتی مقامات میں پولیس،محکمہ محصولات وصحت کے اہلکاروں کوتعینات کرکے آنے والے سیاحوں کی طبی جانچ کے ساتھ ساتھ دیگرضروری پیشگی اقدامات کرنے ہوں گے۔اس کے لیے مناسب گائڈلائنس جاری کرنے ضلع انتظامیہ کوہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ضلع کی صحت خدمات میں چندتبدیلیاں ناگزیرہیں۔ بنگلورواپسی کے فوری بعدسینئرافسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ہیلتھ سرویس کودرست کردیاجائے گا۔اس کے علاوہ ضلع میں ڈاکٹروں کی بھی قلت ہے اس قلت کودورکرنے کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ شروعات میں کوڈاگو ضلع گرین زون میں شامل تھا،لاک ڈاؤ ن کے بعدیہاں متاثرین اوراموات کی تعداد میں اضافہ دیکھاگیاہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ آئندہ ہفتہ ضلع نگران کاروزیرکے ساتھ پھرایک مرتبہ ضلع کا دورہ کرتے ہوئے صحت کے حوالے سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لوں گا۔مقامی رکن اسمبلی نے یہاں سخت گائڈلائنس جاری کرنے کا مشورہ دیاہے۔