ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 2023ء میں علاقائی سیاسی قوت ریاست کے اقتدار پر قابض ہو گی: کمارسوامی

2023ء میں علاقائی سیاسی قوت ریاست کے اقتدار پر قابض ہو گی: کمارسوامی

Sat, 26 Jun 2021 11:08:05    S.O. News Service

بنگلورو،26؍جون(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2023ء کے دوران ریاست میں علاقائی سیاسی جماعت اقتدار پر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ریاست کی حکمران بی جے پی میں قیادت کا بحران پیدا ہو گیا ہے اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ایڈی یورپا کو بے دخل کرنے کی مانگ دن بدن شدت اختیار کر رہی تو دوسری طرف کانگریس میں قیادت کے لئے ابھی سے سدارامیا اور ڈی کے شیو کمار کے درمیان سرد جنگ جاری ہے، ایسے میں ریاستی عوام کے لئے جے ڈی ایس ہی بہتر متبادل بن کر ابھرے گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی سیاسی جماعتوں نے جس طرح اقتدار کے لئے رسہ کشی کی ہے،اس سے ریاستی عوام تنگ آ چکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کسی ایسی علاقائی سیاسی قوت کو اقتدار سونپا جائے جو کھل کر ان کے مفادات کی حفاظت کے لئے کام کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پانچ ریاستی انتخابات کے نتائج نے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام کا رجحان بی جے پی کی طرف کم ہوتا جا رہا ہے اور علاقائی سیاسی قوتوں پر عوام کا اعتبار مستحکم ہو رہا ہے۔ اگر یہی لہر 2023ء تک برقرار رہی تو کرناٹک میں علاقائی سیاسی جماعت کو اقتدار تک پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

کمارسوامی نے کہا کہ قومی سیاسی جماعتیں ہر فیصلہ کے لئے اپنے ہائی کمان پر منحصر ہیں جبکہ ریاست اور عوام کے مفادات کے معاملہ میں فیصلہ لینے کے لئے علاقائی سیاسی جماعتوں کو کسی طرح کی مجبوری نہیں۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال اور تیسری لہر کا سامنا کرنے کے لئے حکومت کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کے متعلق اسمبلی اجلاس بلانے کی مانگ کو دہراتے ہوئے کمارسوامی نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر ریاستی لیجس لیچر کا خصوصی اجلاس طلب کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان کے اس مطالبہ پر اب تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔قومی تعلیمی پالیسی میں کنڑا کو نظر انداز کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کمارسوامی نے کہا کہ اس معاملہ میں مرکزی حکومت کا رویہ درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض نجی سوشیل میڈیا اور انٹرنیٹ کمپنیوں کی طرف سے کنڑا زبان کی کھلی تو ہین کے باوجود مرکزی حکومت نے ان کمپنیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس موضوع پر بھی ریاستی اسمبلی میں تبادلہ خیال کرنے کی ضرورت ہے۔

کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کمارسوامی نے کہا کہ کنکاپورا میں سرکاری افسروں کو جس طرح ہراساں کیا جاتا ہے وہ سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چن پٹن اور رام نگرم کی سیاست کنکا پورا کی سیاست سے بالکل الگ ہے۔


Share: