ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 50.22 لاکھ کہاں سے ملے، سی بی آئی افسر وضاحت کریں: ڈی کے سریش

50.22 لاکھ کہاں سے ملے، سی بی آئی افسر وضاحت کریں: ڈی کے سریش

Wed, 07 Oct 2020 13:32:36    S.O. News Service

چھاپوں کے ذریعہ مجھ سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے: ڈی شیوکمار

بنگلورو،7؍اکتوبر(ایس او نیوز) رکن پارلیمان ڈی کے سریش نے آج کہا کہ میرے اور میرے بھائی کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار کے ٹھکانوں پر کل چھاپوں کے دوران سی بی آئی کوہمارے ٹھکانوں سے57لاکھ روپئے نقد ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، لیکن تمام 14مقامات پر مارے گئے چھاپوں کے دوران ان تمام ٹھکانوں سے صرف 6.75لاکھ روپئے ملے تھے جبکہ سی بی آئی نے 57لاکھ روپئے نقد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بقیہ50.22لاکھ روپئے کہاں ہیں؟ اس کی وضاحت کرنے کا انہوں نے مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں کہا کہ ہمارے ٹھکانوں سے سی بی آئی نے صرف 6.75 لاکھ روپئے یعنی دہلی میں میرے مکان سے 1.57لاکھ، بنگلورو میں میرے بھائی کے مکان سے1.71لاکھ، بنگلور میں میرے رہائشی دفتر سے3.5لاکھ روپئے برآمد کئے تھے۔ دہلی میں میرے بھائی کے مکان اور بنگلور میں میرے مکان سے نقد ضبط ہی نہیں کئے گئے، جبکہ سی بی آئی نے کل 57لاکھ روپئے ضبط کرنے کا دعویٰ کیا تھا، بقیہ رقم 50.22لاکھ روپئے کہاں ہے، سی بی آئی کو اس کی وضاحت کرنی چاہئے۔ڈی کے شیوکمار نے بھی 57لاکھ روپئے ضبط کرنے کے سی بی آئی کے دعوے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ شیوکمار نے سی بی آئی کے دعوے پر حیرت ظاہر کی کہ ہمارے ٹھکانوں سے صرف6.78لاکھ روپئے برآمد ہوئے ہیں،پھر بھی سی بی آئی57لاکھ روپئے ضبط کرنے کاد عویٰ کیوں کررہی ہے؟ اس کے علاوہ سی بی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ جائز آمدنی سے زیادہ 74.93 کروڑ روپئے مالیت کے غیر قانونی اثاثوں کی دستاویزات بھی ضبط کی گئی ہیں۔اس پر شیوکمار اور ان کے بھائی سریش نے کوئی وضاحت نہیں کی۔ شیوکمار نے بتایا کہ وزیراعلیٰ ایڈی یورپا نے پارٹی کے دباؤ میں آ کر ان کے اور ان کے بھائی کے ٹھکانوں پر چھاپے مارنے عجلت میں سی بی آئی کو منظوری دی ہے جبکہ اس کے لئے سی بی آئی چھاپوں کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپوزیشن پارٹی کے صدر ہونے کی حیثیت سے کسان مخالف ترمیمی قانون کی مخالفت کرکے اپنا فرض پورا کیا ہے۔ کورونا پر قابو پانے اور میڈیکل آلات کی خریداری میں کروڑوں روپئے کی دھاندلیوں کا حساب پوچھنا کیا غلط ہے؟ بی جے پی نے ان سے سیاسی انتقام لینے اور آئندہ ہونے والے اسمبلی ضمنی انتخابات اور پنچایت انتخابات میں ان کی آواز کو دبانے کے لئے سی بی آئی کا سہارا لیا ہے۔ لیکن ان کی دھمکیوں سے وہ ڈرنے والے نہیں ہیں۔کل 60سے زیادہ سی بی آئی افسروں نے ڈی کے برادران کے 14ٹھکانوں پر ایک ساتھ چھاپے مارے تھے۔ان چھاپوں کے دوران جو نقدی اور غیر قانونی اثاثوں کی دستاویزات ضبط کی گئی ہیں، اس بنیاد پر سی بی آئی نے شیوکمار اور ان کے بھائی کو سمن جاری کردیا ہے۔کہاجارہا ہے کہ پچھلے5سالوں کے دوران ڈی کے شیوکمار کے اثاثے33.92کروڑ روپئے سے بڑھ کر 128.60 کروڑ ہوگئے ہیں۔یعنی ان کی جائز آمدنی سے 44فیصد کا اضافہ ہواہے۔ اس کو بنیادبنا کر کل سی بی آئی نے شیوکمار اور ان کے بھائی کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔


Share: