ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / جتیندر اوہاڑ ہتھکڑی لگا کر اسمبلی پہنچے، اظہار رائے کی آزادی اور جبری واپسی کے خلاف احتجاج

جتیندر اوہاڑ ہتھکڑی لگا کر اسمبلی پہنچے، اظہار رائے کی آزادی اور جبری واپسی کے خلاف احتجاج

Tue, 04 Mar 2025 10:07:57    S O News

ممبئی ،4/ مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)پیر کے روز مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن این سی پی (شرد پوار) کے گروپ لیڈر اور رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ ہتھکڑی پہن کر ودھان بھون پہنچے، جس سے ایوان میں ہلچل مچ گئی۔ ان کی اس غیر معمولی شکل نے ذرائع ابلاغ کی توجہ فوراً اپنی طرف مبذول کر لی، اور میڈیا نمائندے ان کے مؤقف جاننے کے لیے ان کے پاس پہنچے۔ اوہاڑ نے اپنے احتجاج کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’اظہار رائے کی آزادی پر مسلسل قدغن لگائی جا رہی ہے۔ حکومت اپنی مخالفت کرنے والوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔ آزادیٔ اظہار ہمارا بنیادی حق ہے، اور اسی کے تحفظ کے لیے میں نے ہتھکڑیاں پہن کر احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔‘‘

 این سی پی لیڈر نے مزید کہا کہ’’ یہ ہتھکڑیاں اس لئے بھی ہیں کہ ہندوستانیوں کو امریکہ میں  ناانصافی کا سامنا ہے اورانہیں جس طرح ہندوستان واپس بھیجا جارہاہے وہ ظالمانہ ہے۔‘‘ جتیندر اوہاڑ نے نشاندہی کی کہ ’’ ہندوستانیوں کو جس طرح زبردستی  بھیجا گیا، ان کے پاؤں میں بیڑیاں اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائی گئیں،  بیت الخلاء کی سہولت نہیں دی گئی ،بھوکے پیاسے ذلیل کرکے بھیجا گیا جو شرمناک ہے۔ ‘‘اپنے ہاتھوں پر لگی ہتھکڑیاں دکھاتے ہوئے جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ اگر ہم ان ہتھکڑیوں کی وجہ سے خاموش رہے اور امریکہ میں ہندوستانیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز نہیں بلند کی تو امریکہ ہمیں نگل جائے گا۔  انہوں نے اپنے احتجاج کا مقصد مذکورہ افرادکے ساتھ اظہار یکجہتی  اوران کی آواز بلند کرنا بتایا     ۔

مہاراشٹر میں صرف ۲؍غنڈے !ایک 
کوکاٹے  دوسرے منڈے! کا نعرہ بھی بلند ہوا

 ودھان بھون میں   اپوزیشن کے لیڈروں نے حکومت  کے خلاف نعرے بازی کی کہ’’ مہاراشٹر میں صرف ۲؍ غنڈے، ایک کوکاٹے دوسرے منڈے!‘‘    اس دوران اپوزیشن نے سنتوش دیشمکھ قتل کیس اور محکمہ زراعت میں بدعنوانی کے معاملے میں دھننجے مندے کو نشانہ بنایا ہے ۔ گزشتہ تین ماہ سے مخالفین ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر زراعت مانیکراؤ کوکاٹے کو ناسک کی عدالت نے ایک پرانے دھوکہ دہی کے معاملے میں ۲؍سال قید کی سزا سنائی ہے، جس کی وجہ سے اپوزیشن نے بھی ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔


Share: