کاروار 11؍جولائی (ایس او نیوز) چھتیس گڑھ کے کانکیرضلع میں نکسل وادیوں کی طرف سے کیے گئے بارودی سرنگ(مائن) بلاسٹ میں کرناٹکا سے تعلق رکھنے والے بی ایس ایف کے دو جوان ہلاک ہوگئے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے سپاہیوں کی شناخت کار وار کے وجیا نندا سریش نائک (29سال) اورخانہ پور بیلگاوی کے سنتوش لکشمن گروا کے طور پر کی گئی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق کانکیر ضلع میں بارڈر سیکیوریٹی فورس کی آٹھ ٹیمیں نکسل وادیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف تھی۔جب تالابوڈ نامی علاقے میں نکسل وادیوں کی موجودگی خبر ملی تو بی ایس ایف کی ٹیم 13موٹر سائیکلوں پر اس مقام کے لئے روانہ ہوئی۔ اس قافلے میں چوتھی موٹر بائک پروجیانند اور سنتوش سفر کررہے تھے۔مگر دوران سفر راستے میں نکسل وادیوں کی طرف سے چھپائی گئی بارودی سرنگ پر سے ان کی موٹر بائک گزری اور دھماکہ ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ علاج کے لئے قریبی اسپتال میں داخل کرنے کے باوجود دونوں کو بچایا نہیں جاسکا۔
کاروار کے وجیا نند کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس نے چار سال قبل بی ایس ایف میں شمولیت اختیا رکی تھی اور ابھی وہ غیر شادی شدہ تھا۔ جبکہ خانہ پور کے سنتوش گرواپانچ سال پہلے بی ایس ایف میں شامل ہوا تھا۔ گزشتہ سال ہی اس کی شادی ہوئی تھی اور اس کی بیوی چار مہینے کی حاملہ بتائی جاتی ہے۔
کہاجاتا ہے کہ یہ دونوں سپاہی آپس میں جگری دوست تھے اور زیادہ تر ایک دوسرے کے ساتھ رہنا پسند کرتے تھے۔ قدرت کا کھیل دیکھیے کہ دونوں کی موت بھی ایک ساتھ واقع ہوگئی۔
