ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپور کے اربیل گھاٹ میں لاری اور کروزر کے درمیان ہولناک تصادم، 6 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

یلاپور کے اربیل گھاٹ میں لاری اور کروزر کے درمیان ہولناک تصادم، 6 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

Thu, 09 Jul 2026 10:09:36    S O News
یلاپور کے اربیل گھاٹ  میں لاری اور کروزر کے درمیان ہولناک تصادم، 6 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

یلاپور، 9 جولائی (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع اترکنڑا کے یلاپور تعلقہ میں اربیل گھاٹ کے نزدیک بلگار کے مقام پر جمعرات کی علی الصبح ایک طوفان کروزر اور لاری کے درمیان ہونے والے خوفناک آمنے سامنے کے تصادم میں کروزر ڈرائیور سمیت چھ افراد ہلاک جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران ہی آخری سانس لی۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت سنجے مڈیوال (33)، اکشے تیجپا (26)، ابھیشیک ایشور (28)، ابھیشیک مڈیوال (27)، بسوراج دیونائک (38) اور منجوناتھ اشوک (33) کے طور پر کی ہے۔ تمام متوفیان ضلع دھارواڑ کے رہنے والے تھے۔

 حادثے میں شیوراج دُرگپا مڈیوال (22)، سچن اور چنّابسیا بسلنگیا سمپگاؤں (28) شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

IMG-20260709-WA0031

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام متاثرین ضلع دھارواڑ کے رہنے والے تھے اور ایک معروف آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارم سے بطور پارٹ ٹائم ڈلیوری ایگزیکٹو وابستہ تھے۔

پولیس کے مطابق ڈرائیور سمیت نو افراد طوفان کروزر میں سوار ہو کر بدھ کی رات دھارواڑ سے چکمگلورو کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم جمعرات کی علی الصبح تقریباً ڈیڑھ بجے جب ان کی گاڑی اربیل گھاٹ پر نیشنل ہائی وے 52 سے گزرنے کے دوران سامنے سے آنے والی لاری سے طوفان کروزر کی زوردار ٹکر ہوگئی۔ حادثے کے بعد کروزر گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کے باعث کئی افراد گاڑی کے اندر ہی پھنس گئے اور امدادی کارروائی کے بعد انہیں باہر نکالا گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی یلاپور پولیس، مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے یلاپور سرکاری اسپتال روانہ کر دی گئیں۔

یلاپور پولیس نے معاملہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


Share: