نئی دہلی،یکم جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) نئے سال کے پہلے دن گیس سلنڈر کی قیمت میں 102.50 روپے کم کئے جانے کی خبر سے لوگ خوش ہوہی رہے تھے لیکن جلد ہی یہ عقدہ کھلا کہ صرف کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔
نئے سال کے پہلے دن ملک کی سرکاری آئل کمپنی نے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں 102.50 روپے کی تخفیف کا اعلان کیا ہے لیکن گھریلو گیس سلنڈر استعمال کرنے والوں کے لئے کوئی راحت نہیں دی گئی ہے۔ کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت اب یکم جنوری 2022 سے دہلی میں 1998.50 روپے، کولکاتا میں 2076 روپے، ممبئی میں 1948.50 روپے، اور چنئی میں 2131 روپے ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے دہلی میں 14.2 کلوگرام کا بغیر سبسیڈی والا گیس سلنڈر 899.50 روپے، کولکاتا میں 926 روپے، بھٹکل کرناٹک میں 915.50 روپئے، ممبئی میں 899.50 روپے اور چنئی میں 915.50 روپے میں دستیاب ہے۔ گزشتہ نومبر ماہ میں گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا اور اس کے بعد کوئی تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملی۔ قابل ذکر ہے کہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو گیس سلنڈر کی نئی قیمت کا اعلان ہوتا ہے۔