روہتک،8ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اتوار کو روہتک میں ہوئی پی ایم مودی کی ریلی کے لئے ڈیوٹی پر آئے ہیڈ کانسٹیبل کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ملی معلومات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل کے قتل کا واقعہ سنیچر کی رات کا ہے اور اس کے بارے میں اتوار کی صبح پتہ لگا۔گروگرام کے بجکھیڑا گاؤں کا رہائشی اور فرید آباد کے بپانی تھانے میں تعینات ہلاک پردیپ رات کو روہتک آکر گاؤں ماجرا میں رکا تھا،جس فلیٹ میں ہیڈ کانسٹیبل رکا تھا وہاں کچھ دیگر لوگ بھی موجود تھے،صبح جب پردیپ کی لاش ملی تو واقعہ کا انکشاف ہوا اور پولیس موقع پر پہنچی۔جائے حادثہ کا معائنہ کرنے پر لاش کے پاس ٹوٹی بوتلوں کے ٹکڑے بھی ملے ہیں اور قتل اینٹ سے کیا گیا ہے،مگر قتل کس نے کیا ہے ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔پولیس اہلکار کی وردی بھی جائے حادثہ پر ملی ہے۔پولیس نے میت کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھجوا دیا ہے،میت کے لواحقین بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔ہیڈ کانسٹیبل کی ڈیوٹی پی ایم مودی کی ریلی میں لگائی گئی تھی،اگرچہ گاؤں ماجرا میں ہیڈ کانسٹیبل کے قتل کس بات کو لے کر ہوا اور کس نے کیا اس کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آئی ہے،ماجرا گاؤں میں ہی پولیس اہلکار کیوں رکے تھے اس بارے میں بھی پتہ لگنا بھی باقی ہے۔بتا دیں کہ ہریانہ کے روہتک میں آج وزیر اعظم نریندر مودی نے وجے سنکلپ ریلی سے انتخابی مہم مہم کی شروعات کی۔ہریانہ میں دو ماہ کے بعد اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔