حیدرآباد،29؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اداکار سے سیاستداں بنے تلنگانہ کے ٹی ڈی پی رہنما اور سابق ایم پی نند موری ہری کرشنا کی نلگونڈہ ضلع میں بدھ کی صبح ایک سڑک حادثہ میں موت ہو گئی ۔ وہ 61سال کے تھے۔ اس حادثہ مین ان کے دو ساتھی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ وہ غیر منقسم آندھراپردیش کے سابق وزیراعلیٰ این ٹی راماراؤ کے بیٹے تھے۔
نلگونڈہ ضلع کے قریب انیہ پرتی گاؤں میں بد ھ کی صبح یہ حادثہ ہوا۔ اس میں ہری کرشنا شدید طور پر زخمی ہو گئے ۔ان کو فوراً کامینینی اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔ ان کے دونوں بیٹے کلیان رام اور جونیئر این ٹی آر اسپتال پہنچ چکے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ہری کرشنا کی کار دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرتے وقت بے قابو ہوکر سڑک کے ڈیوائڈر پر چڑھ گئی اور حادثہ کا شکار ہو گئی۔
آندھراپردیش کے وزیر اعلیٰ چند ر بابونائیڈونے بدھ کے روزکے اپنے تمام پروگرام رد کر دیئے ہیں اور وہ حیدرآباد کے لئے ہیلی کاپٹرسے روانہ ہو چکے تھے۔ ہری کرشنا کی موت کی صبح 7بج کر 50منٹ پر تصدیق ہو چکی تھی۔ ہری کرشنا آندھراپردیش کے نیلورضلع کے کاولی میں ایک شادی کی تقریب میں شامل ہونے حیدرآباد جا رہے تھے۔ اسی دوران یہ حادثہ رونما ہوا۔ چار سال قبل ان کے بیٹے جانکی رام کی نلگونڈہ ضلع میں ہوئے سڑک حادثہ میں موت ہو گئی تھی۔