ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر پردیش: بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے کی خودکشی، دیوالی کے دن علاقے میں مچا کہرام

اتر پردیش: بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے کی خودکشی، دیوالی کے دن علاقے میں مچا کہرام

Sat, 14 Nov 2020 23:19:21    S.O. News Service

بلند شہر،14؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش کے بلند شہر ضلع میں دیوالی کے دن ایک حیران کرنے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ضلع کے خورجہ کوتوالی نگر علاقہ واقع گاؤں قلع میوئی میں جیور کے سابق رکن اسمبلی اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ہورام سنگھ کے بیٹے نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ خبر ملنے پر پہنچی پولس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔

پولس کے مطابق بی جے پی لیڈر ہورام سنگھ خورجہ کے گاؤں قلع میں رہتے ہیں۔ ہفتہ کی صبح دیوالی کے مدنظر پورے گھر میں خوشیوں کا ماحول تھا۔ اسی درمیان اچانک ہورام سنگھ کے بیٹے 30 سالہ مہیش کے کمرے سے گولی چلنے کی آواز آئی۔ گولی کی آواز پر گھر والے جب بھاگ کر وہاں پہنچے تو مہیش کو مردہ پایا۔ مہیش کی لاش زمین پر تھی اور اس کے پاس بندوق پڑی ہوئی تھی۔ منظر دیکھتے ہی پوری فیملی میں کہرام مچ گیا۔

اس واقعہ کے بعد لوگوں نے سابق رکن اسمبلی کے بیٹے کی موت کی خبر پولس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولس نے جانچ کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ خورجہ کوتوالی انچارج ڈاکٹر ایم کے اپادھیائے نے بتایا کہ شروعاتی جانچ میں معاملہ خودکشی کا لگ رہا ہے۔ واقعہ میں استعمال کی گئی لائسنسی دو نلی والی بندوق کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ مزید جانچ کی جا رہی ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی وجہ کا پتہ چل سکے گا۔

واضح رہے کہ گاؤں قلع میوئی باشندہ بی جے پی لیڈر ہورام سنگھ دو بار جیور سے اور ایک بار بی ایس کے ٹکٹ پر خورجہ سے رکن اسمبلی رہے ہیں۔ دیوالی کے دن جوان بیٹے کی موت سے پوری فیملی صدمے میں ہے۔ بیٹے کی حالت دیکھ کر سابق رکن اسمبلی ہورام سنگھ کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مہلوک کے تین بچے ہیں، جن میں ایک 8 ماہ کا نوزائیدہ بھی ہے۔

اس درمیان علاقے میں بحث گرم ہے کہ خودکشی کے پیچھے بہنوئی کی موت وجہ ہو سکتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ دن پہلے مہلوک کے بہنوئی کی کورونا سے موت ہو گئی تھی۔ فیملی میں بہنوئی کی موت کے لیے مہیش کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا تھا، جس کے سبب وہ تناؤ میں رہ رہا تھا۔ حالانکہ پولس کا کہنا ہے کہ ابھی فیملی کی طرف سے کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔ خودکشی کی وجہ پتہ کی کوشش جاری ہے۔


Share: