ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / الیکشن کمیشن نے بی جے پی لیڈر ہیمنت بسوا کی تشہیر پر پابندی کی مدت گھٹائی، پرینکا گاندھی نے پوچھا سوال

الیکشن کمیشن نے بی جے پی لیڈر ہیمنت بسوا کی تشہیر پر پابندی کی مدت گھٹائی، پرینکا گاندھی نے پوچھا سوال

Sun, 04 Apr 2021 12:29:35    S.O. News Service

نئی دہلی،4؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی)  الیکشن کمیشن نے آسام کے وزیر اور بی جے پی کے لیڈر ہیمنت بسوا سرما کی انتخابی تشہیر پر عائد پابندی کی مدت میں تخفیف کر کے اسے 48 گھنٹے سے 24 گھنٹے کر دیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مثالی ضابطہ اخلاق کے تمام التزامات پر عمل کریں گے، جس کے بعد تشہیر پر پابندی کی مدت میں کمی کر دی گئی۔ اس پر کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے نشانہ لگایا ہے۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’الیکشن کمیشن سے ہم بی جے پی لیڈر کی گاڑی میں ای وی ایم معاملہ پر سخت کارروائی کا انتظار کر ہی رہے تھے کہ کمیشن کے ایک اور قدم سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس نے اپنی اصولی کتاب سے غیر جانب داری والا صفحہ پھاڑ کے پھینک دیا ہے۔ آخر کس دباؤ میں دھمکی دینے والے بی جے پی لیڈر کے بین کو 48 گھنٹے سے کم کر کے 24 گھنٹے کیا گیا۔‘‘

ادھر، کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے الزام عائد کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ مودی حکومت کے دباؤ میں لیا ہے۔ سرجے والا نے ٹوئٹ کیا، ’’پارلیمانی جمہوریت کے لئے یہ یوم سیاہ ہے۔ الیکشن کمیشن میں اپنے حکم پر قائم رہنے کی بھی ہمت نہیں ہے۔ یہ قابل مذمت ہے کہ الیکشن کمیشن مودی حکومت کے دباؤ میں سرنگوں ہو گیا اور سرما پر انتخابی تشہیر کی پابندی کے فیصلہ کو ترمیم کر دیا۔ تاریخ اس گناہ کے لئے نہ تو بی جے پی اور نہ ہی الیکشن کمیشن کو کبھی معاف کرے گی۔‘‘

انہوں نے سوال کیا، ’’کیا الیکشن کمیشن یہ بتائے گا کہ یہ فیصلہ از خود لیا ہے یا پھر بی جے پی یا سرما کی طرف سے کوئی عرضی داخل کی گئی؟ اگر ایسا ہے تو پھر اس معاملہ میں شکایت کرنے والی جماعتوں اور بی پی ایف کو کیوں نہیں بلایا گیا؟ کیا یہ سزا سے آزادی کے احساس کے ساتھ دھمکانے کے لئے بھی لائسنس کا بھی فراہم کرنا ہے!‘‘

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے جمعہ کو سرما کو بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ کے سربراہ ایچ موہی لاری کے خلاف معینہ طور پر دھمکی آمیز بیان دینے کے معاملہ میں 48 گھنٹے تک انتخابی تشہیر کرنے سے روک دیا تھا۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے ہیمنت بسوا سرما کے بیان کے حوالہ سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔


Share: