انکولہ 10/مارچ (ایس او نیوز) انکولہ تعلقہ کے اگسور میں واقع ’پراکرتی پراڈکٹس‘ نامی کارخانے میں لگی آگ سے جل کر زخمی ہونے والے تین افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق تینوں افراد کارخانے کے ملازم تھے۔ آگ جھلسنے کے بعد انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، مگر علاج کارگر نہ ہونے سے اتوار کے دن دو ملازمین فوت ہوگئے جن کی شناخت بوبڑ واڈا کے رہنے والے رگھو نائک (25سال)اورجھارکھنڈ کے رہنے والے لکھن توری کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ تیسرا زخمی راجیندرا میرجا (37سال) سوموار کے دن فوت ہوگیا۔ یہ بھی جھارکھنڈ کا رہنے والا تھا۔
خیال رہے کہ یکم مارچ کے دن انکولہ کے اس کارخانے میں شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی، جس میں چار افرادجلنے کی وجہ سے سنگین طور پرزخمی ہوگئے تھے۔انہیں سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لئے منگلورو روانہ کیا گیا تھا، جہاں انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔مگر اب خبرملی ہے کہ تینوں مزدور علاج کارگر نہ ہونے کے سبب ہلاک ہوگئے ہیں۔