ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُترکنڑا بن گیا کورونا فری ضلع؛ بھٹکل کا گیارہواں کورونا سے متاثرہ مریض بھی صحتیاب ہوکر کاروار اسپتال سے ڈسچارج

اُترکنڑا بن گیا کورونا فری ضلع؛ بھٹکل کا گیارہواں کورونا سے متاثرہ مریض بھی صحتیاب ہوکر کاروار اسپتال سے ڈسچارج

Thu, 30 Apr 2020 19:23:04    S.O. News Service

بھٹکل30/اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل اور ضلع اُترکنڑا کا کورونا سے متاثرہ گیارہواں مریض بھی آج کاروار کے پتنجلی اسپتال سے صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوگیا جس کے ساتھ ہی ضلع اُترکنڑا کورونا فری ضلع بن گیا ہے۔

یاد رہے کہ کاروار کے پتنجلی اسپتال میں ایڈمٹ ہونے کے بعد بھٹکل کے اس نوجوان کی پہلی رپورٹ دو تین روز قبل ہی نیگیٹو آچکی تھی ، جس کے بعد  اس کی دوسری  رپورٹ کا انتظار تھا جو  آج جمعرات کو  موصول ہوئی۔  ضروری کاغذی  کاروائیوں کے بعد شام کو اسے اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور شام قریب ساڑھے   آٹھ بجے بذریعہ ایمبولنس وہ بھٹکل پہنچا۔ اسے اب تنظیم کے زیر انتظام  ہوٹل میں کورنٹائن سینٹر میں رکھا گیا ہے جہاں چودہ دنوں بعد پھر ایک بار تھوک کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ کئے جائیں گے اور وہاں بھی رپورٹ نیگیٹو آنے کی صورت میں اسے گھر جانے کی اجازت ملے گی۔

یہ اللہ کا شکر ہے کہ کورونا وباء پر بہت جلد قابو پالیا گیا، اس کے لئے ایک طرف ضلعی انتظامیہ سمیت تعلقہ کے افسران نے اہم رول ادا کیا، اُسی طرح دوسری طرف قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے توسط سے بھٹکل کے کئی اہل خیر حضرات نے ایسے  تشویشناک حالات میں انسانیت کی جو خدمت کی اور لوگوں نے جو دعائیں کیں اللہ رب العزت  نے اسی کے طفیل اس وباء کو جلد ہی روک دیا۔

--تنظیم میڈیکل کمیٹی  کنوینر محمد یونس رکن الدین--

جیسے ہی ایمبولنس  بھٹکل کورنٹائن سینٹر پہنچی،  مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی،  محمد صادق مٹّا ،محمد یونس رکن الدین اور معروف سماجی کارکن نثار احمد ٹاپ  موجود تھے جبکہ محکمہ کی طرف سے  تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر مورتھی راج بھٹ  و دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔ شفاء یاب ہوکر  نوجوان کے  بھٹکل پہنچنے پر تنظیم کی طرف سے اس کا استقبال کیا گیا ۔

خیال رہے کہ بھٹکل کے جملہ 11 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی تھی جس میں سے نو کو کاروار پتنجلی اسپتال، ایک کو مینگلور وینلاک اسپتال اور ایک حاملہ خاتون کو اُڈپی ٹی ایم   اے پائی اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔  بھٹکل سمیت پورے ضلع شمالی کینرا کے عوام کو اب راحت مل گئی ہے کہ تمام گیارہ مریض صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ آج جمعرات کو جو نوجوان صحت یاب ہوکر بھٹکل کورنٹائن سینٹر پہنچا ہے، اُس کی اہلیہ  25 اپریل کو  ہی اُڈپی اسپتال سے ڈسچارج ہوئی تھی اسے بھی  اسی کورنٹائن سینٹر میں  رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور نوجوان بھی اُسی ہوٹل میں کورنٹائن میں ہے۔ جس کے سیمپل کی رپورٹ کل جمعہ صبح تک موصول ہونے کی توقع ہے جس کے ساتھ اُسے بھی کل گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ بھٹکل میں کورونا کا پہلا معاملہ 19/مارچ کو سامنے آیا تھا جب مسقط سے دبئی ہوتے ہوئے ایک نوجوان کو مینگلور ائرپورٹ پر ہی روک کر مشکوک حالت میں وینلاک اسپتال لے جایاگیا تھا 22/مارچ کو اس کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آتے ہی 24 مارچ کو بھٹکل میں لاک ڈاون کا اعلان کیا گیا تھا، جسکے بعد ایک کے بعد ایک  بھٹکل میں کورونا کے  معاملات سامنے آتے گئے۔ بھٹکل میں کورونا پوزیٹو کا گیارہواں اور آخری معاملہ 14اپریل کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے لے کرآج 30اپریل تک پھر کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیاہے۔

ذرائع کی مانیں تو اب تک بھٹکل میں تین سو سے زائد لوگوں کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ  کئے جاچکے ہیں اور روزانہ آٹھ دس سیمپل روانہ کرنے کا سلسلہ برابر جاری ہے۔ اسی طرح میڈیکل ٹیموں کا گھر گھر جاکر جانچ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، بتایا گیا ہے کہ میڈیکل ٹیموں کا بھٹکل کے مضافاتی علاقوں کا سروے مکمل ہوچکا ہے، اور میونسپالٹی حدود میں  قریب ہزار گھروں میں پہنچ کر سروے کرنے کا کام جاری ہے۔

 


Share: