اڈپی،14 ؍اکتوبر (ایس او نیوز) دو مہینے قبل 24اگست کواڈپی کے بیرامپلّی میں 2شیڈول کاسٹ کی لڑکیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کا ایک معاملہ درج ہوا تھا، اس تعلق سے تحقیقات کررہی پولیس ٹیم نے اسی گاؤں کے رہنے والے ملزم پردیپ شیٹی (39سال ) کو بنگلورو سےگرفتارکرلیا ہے۔
اس کیس کے تحقیقاتی افسر اڈپی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ٹی آر راج شنکر نے بتایا کہ دلت لڑکیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی معاملے کی تفتیش کے لئے پولیس کی تین ٹیمیں بنائی گئی تھیں ا س میں سے ایک ٹیم نے ملزم کو گرفتا رکرلیا ہے ۔ملزم کو گرفتار کرنے کی مہم میں برہماور پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر اننتا پدمانابھا کے علاوہ کارکلااورہیری اڈکاکے سب انسپکٹروں اور اڈپی ڈی سی آئی بی کے افسران اور دیگر پولیس عملے نے حصہ لیا۔
اس دوران پتہ چلاہے کہ سال 2018میں بھی پردیپ شیٹی پر ہیری اڈکا پولیس اسٹیشن میں جنسی ہراسانی کا ایک معاملہ پہلے سے ہی درج ہے اور وہ معاملہ فی الحال عدالت میں زیر سماعت ہے۔