سنبھل پور ،05؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )اڑیسہ کے بارگڑھ ضلع میں ایک کسان نے زہر کی گولی کھا کر خود کشی کی کوشش کی۔اس سے ایک دن پہلے اسی گاؤں کے ایک اور کسان نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔بارپالی علاقے کے تحت آنے والے کنبار گاؤں میں 33سالہ نرنجن بھوی اپنے کھیت میں سنگین حالت میں ملے۔حکام نے آج بتایا کہ کسان کو برپالی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا اور بعد میں برلا کے بہادر سریندر سائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ میں داخل کرایا گیا۔اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو اسی گاؤں کے ایک اور کسان اکررا بشی نے ضلع انتظامیہ کے دفتر کے سامنے کیڑے مارنے والی دواکھا کر جان دینے کی کوشش کی تھی۔اس کا ایک اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔بارگڑھ ضلع مجسٹریٹ اندرم ترپاٹھی نے کہاکہ دو کسانوں نے خود کشی کی کوشش کی۔ضلع انتظامیہ کی انکوائری کرائے گا کہ ایسے اقدامات کیوں اٹھائے گئے۔ہم حال میں آئی آندھی اور طوفان سے متاثر کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔بھوئی کے خاندان کے اراکین نے بتایا کہ 30 اپریل کو بے موسم برسات اور اولے پڑنے کی وجہ سے اس کی پانچ ایکڑ کی فصل برباد ہو گئی۔