بنگلورو،29؍دسمبر (ایس او نیوز) کورونا بحران کے دوران ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) ہوائی اڈہ میں فضائی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔2008 کے بعد کمرشیل اور تجارتی مقصد سے ہوائی سرگرمیاں روک دی گئی تھیں۔لیکن گزشتہ 8مہینوں سے ایر ایمبولینس اور چارٹر ہیلی کاپٹرس کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔
کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایر پورٹ (کے آئی اے)جب سے شروع ہوا، اس کے بعد ایک معاہدہ کے تحت ایچ اے ایل ہوائی اڈہ کو بند کیاگیا تھا۔معاہدہ میں یہ شروت عائد کی گئی تھی کہ کے آئی اے سے 150کلو میٹر ہوائی مسافت کی حدود میں تجارتی مقصد سے کوئی بھی ہوائی سرگرمیاں نہیں کی جاسکتیں،لیکن کورونا اَن لاک کے بعد چند مہینوں سے چارٹر ہیلی کاپٹر اور تفریح کے طو رپر ہوائی سفر کے لئے ایچ اے ایل ہوائی اڈہ سے ہیلی کاپٹر کمپنیوں نے اپنی خدمات شروع کیں۔بنگلور سے چکمگلور، ہمپی، کاروار، میسور، کوئمبتور، مڈکیری، داونگیرے، اوٹی سمیت مختلف مقامات کے لئے تمبی ایوی ایشن نے چارٹر ہیلی کاپٹر فراہم کرنا شروع کیا۔ایچ اے ایل ہوائی اڈہ میں تمام سہولیات دستیاب ہونے کی وجہ سے چارٹرس ہیلی کاپٹر کی سرگرمی شروع کرنے کے لئے آسانی ہوئی ہے۔
تمبی ایوی ایشن کے سربراہ گووند نائر نے کہا کہ ہمارے ادارہ سے گزشتہ ہفتہ تین چارٹر ہیلی کاپٹر ایچ اے ایل ہوائی اڈہ سے سرویس شروع کی ہے۔ایچ اے ایل ہوائی اڈہ ہیلی کاپٹر لانڈنگ کی فیس بھاری نہیں ہے، اس کے علاوہ ایچ اے ایل ایر پورٹ جہاں واقع ہے وہ مسافروں کو پہنچنے کے لئے آسان ہوائی اڈہ ہے۔ مسافر آسانی سے ہوائی اڈہ پہنچ سکتے ہیں۔ہیلی کاپٹر کا وزن اور مسافروں کی تعداد ودیگر امور کی بنیاد پر لانڈنگ فیس طے کی جاتی ہے۔لانڈنگ فیس یہاں تقریباً 5ہزار روپئے ہے۔ اس کے ساتھ ٹیکس بھی لگایا جاتا ہے۔ یہ اطلاع نائر نے دی ہے۔اسٹار ایر کی جانب سے بنگلور سے میسور،کوڈگو، چکمگلور، شرینگری،دھرمستھلا،ہمپی، ہاسن اور شیموگہ کے مابین چارٹر ہیلی کاپٹر سرویس فراہم کی گئی۔ایچ اے ایل ہوائی اڈہ،وہائٹ فیلڈ کے ہیلی پیڈ کے ذریعہ یہ ادارہ چارٹر ہیلی کاپٹر کی سرویس فراہم کررہا ہے۔