کاروار18؍دسمبر (ایس او نیوز)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی جانب سے 17دسمبر کوضلع ڈپٹی کمشنر کاروار دفتر کے روبرو’دلال بھگاؤ۔ دیش بچاؤ‘ کے عنوان سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کی معرفت صدر ہند کے نام دئے گئے میمورنڈم میں ملک میں امن و امان کی بدترین صورتحال اور بڑھتی ہوئی بدعنوانیوں کی طرف اشارہ کیاگیا ہے۔ موجودہ حالات کو انگریزوں کے زمانے سے بھی بدتر اور ذلت آمیز حالات قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 26جنوری 1950کو وجود میں لائے گئے دستور نے جو مساوات، انصاف، آزادی اور تحفظ کے حقوق عام شہریوں کو دئے ہیں، اس سے موجودہ سیاسی حالات میں عوام محروم ہوتے جارہے ہیں۔ گندی سیاسی چالوں کی وجہ سے اس ملک کو تباہی کی طرف لے جایا جارہا ہے۔
میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت صرف جھوٹے وعدوں پر ٹکی ہوئی ہے۔عوام کی ترقی اور فلاح کے لئے کام کرنے کے بجائے بابری مسجد رام جنم بھومی جیسے مسائل اٹھا کرسیاسی فائدہ اٹھایاجارہا ہے۔مرکزی حکومت کارپوریٹ گھرانوں کی دلال بن کر رہ گئی ہے۔نوٹ بندی، جی ایس ٹی جیسے حکومت کے تمام اقدامات کارپوریٹ کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کی نیت سے ہی کیے گئے ہیں۔اس لئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا حکومت کی اس پالیسی کی سخت مذمت کرتی ہے۔اور مطالبہ کرتی ہے کہ دلالوں کے اس دلدل سے ملک کو بچایا جائے اور حکومت عوام کو فائدہ پہنچانے والی پالیسیوں پر عمل درآمد کرے۔
اس موقع پر ایس ڈی پی آئی ریاستی سکریٹری اشرف ماچار، ضلع جنرل سکریٹری عارف رضا، ضلع سکریٹری محمد شریف، ضلع نائب صدر مختار قاضی، پاپولر فرنٹ ضلع سکریٹری معظم مولانا، ضلع صدر حنیف بھائی، سرسی تعلقہ صدر اسلم ، بھٹکل تعلقہ صدر وسیم منیگار اور ضلع کمیٹی کے بہت سے اراکین موجوو تھے۔