بھوپال،21؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہاری ہوئی بازی کو جیت جانا کوئی بی جے پی سے سیکھے-لوک سبھا انتخابات 2019میں زبردست کامیابی کے بعد دوبڑی ریاستوں (کرناٹک،مدھیہ پردیش) میں حکومت گنوانے والی بی جے پی نے آخر کار دونوں ہی ریاستوں کو کانگریس سے چھین لیاہے-
مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ کی قیادت والی کانگریس حکومت نے بی جے پی کے ”آپریشن کنول“ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے،اور وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے استعفیٰ کے ساتھ ہی ریاست میں کئی روز سے جاری سیاسی ڈرامہ ختم ہوگیا-گورنر لال جی ٹنڈنے وزیراعلیٰ کمل ناتھ کا استعفیٰ منظور کرلیاہے -استعفیٰ منظور کرنے کے بعد انھوں نے نئے وزیراعلیٰ کے ذمہ داریاں سنبھالنے تک کارگزار وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہنے کو کہاہے -
اس سے قبل مسٹر کمل ناتھ تقریباًسوابجے راج بھون پہنچے اور انھوں نے گورنرلال جی ٹنڈن کو اپنا استعفیٰ پیش کیا - استعفیٰ نامہ میں مسٹر کمل ناتھ نے لکھا کہ میں نے اپنی 40سال عوامی زندگی میں ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے اور جمہوری اقدار کو ترجیح دی ہے -مدھیہ پردیش میں پچھلے دوہفتے میں جو کچھ بھی ہوا،وہ جمہوری اقدارمیں گراوٹ کا ایک نیاباب ہے -میں مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہاہوں -ساتھ ہی عہدہ سنبھالنے والے نئے وزیراعلیٰ کے لئے میری نیک تمنائیں -مدھیہ پردیش کی ترقی میں انھیں ہمیشہ میراتعاون ملتارہے گا-
سپریم کورٹ نے جمعرات کو حکم دیاتھا کہ جمعہ کوشام5 بجے تک حکومت اکثریت ثابت کرے -اس کے لئے اسمبلی اسپیکر این پی پرجا پتی نے جمعہ کے دن دوبجے کا وقت طے کیاتھا-لیکن کانگریس کے ارکان کی تعدا د کم ہونے کی وجہ سے مسٹر کمل ناتھ نے دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے سامنے اعلان کردیا کہ وہ گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے جارہے ہیں -اس کے بعد مسٹر کمل ناتھ گورنر ہاؤس پہنچے اور انھیں اپنا استعفیٰ پیش کردیا-اس سے پہلے مسٹر کمل ناتھ نے تقریباً 15 منٹ تک میڈیا سے خطاب کیااور 15 ماہ پرانی حکومت کے کام کاج پر روشنی ڈالی -ساتھ ہی انھوں نے پچھلے 15 دن تک جاری رہنے والے سیاسی بحران کا بھی ذکر کیا-
مسٹر کمل ناتھ نے مسٹر جیوترآدتیہ سندھیا کانام لئے بغیر کہاکہ ہم چاہتے تھے کہ کانگریس‘محل ’میں نہ جائے اور‘محل ’کانگریس میں آئے،لیکن ایسا نہیں ہوسکا-مسٹر کمل ناتھ نے یہ بھی کہاکہ مدھیہ پردیش میں جمہوری قدروں کا قتل کرکے نئی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کی جارہی ہے -وہیں دوسری طرف اپوزیشن پارٹی بی جے پی کے خیمہ میں مسٹر کمل ناتھ کے استعفیٰ کے بعد خوشی کی لہر دوڑ گئی -اب جلد ہی ریاست میں بی جے پی کی نئی حکومت تشکیل دی جائیگی-