ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بجٹ میں اصل مسائل پرتوجہ ہی نہیں دی گئی:رحمن خان

بجٹ میں اصل مسائل پرتوجہ ہی نہیں دی گئی:رحمن خان

Tue, 04 Feb 2020 11:09:06    S.O. News Service

بنگلورو،4/فروری(ایس او نیوز) سال 2020/21 کے مرکزی بجٹ پر اپنا رد عمل ظاہرکرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر وسینئر کانگریس قائد ڈاکٹر کے رحمن خان نے کہا کہ یہ بجٹ قوم کی توقعات پر کھرا نہیں اترا ہے - ملک میں اس وقت سلگتے مسائل جیسے گرتی ہوئی معیشت،بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بجٹ میں کہیں بھی احاطہ نہیں کیا گیا ہے - وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اپنی 160منٹ کی بجٹ تقریر کے دوران مختلف اہم شخصیات کے اقوال ہی سنائے -اصل مقاصد اور مسائل کی طرف توجہ ہی نہیں دی - ملک کی گرتی ہوئی معیشت،بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے بجٹ میں کسی ٹھوس پالیسی کا اعلان ہی نہیں کیا - لائف انشونس کارپوریشن (ایل آئی سی) کی سرکاری حصہ داری نجی اداروں کو فروخت کرنے سے پالیسی ہولڈرس کو لاحق تشویش سے متعلق کئے گئے سوال پر سینئر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ رحمن خان نے بتایا کہ اب تک یہ بات منظرعام پر نہیں آئی ہے کہ ایل آئی سی کی کتنے فی صد سرمایہ کاری یا حصہ داری حکومت نجی اداروں کوفروخت کرے گی- سرمایہ کاری 51 فیصد رہے گی تب تک یہ کارپوریشن پبلک سیکٹر ہی رہے گا۔ اس لئے پالیسی ہولڈرس کو خوف کھانے کی ضرورت نہیں -اگر حکومت نے 51 فیصد حصہ داری نجی اداروں کو فروخت کردی تو ایل آئی سی کی ہر پالیسی نجی ادارے ہی طے کریں گے -اس میں حکومت کا رول نہیں رہے گا- تب پالیسی ہولڈرس کو فکر کرنی پڑے گی- حکومت نے اب تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ کتنے فیصد حصہ داری نجی اداروں کو فروخت کی جائے گی- انہوں نے بتایا کہ اس بجٹ میں ایک اچھی بات یہ ہوئی ہے کہ قومیائے گئے بینکوں میں 5لاکھ روپئے تک کے ڈپازٹ پر حکومت تحفظ فراہم کرے گی -یعنی گاہکوں کے 5لاکھ روپئے تک کے ڈپازٹس محفوظ ہیں پہلے یہ حد صرف ایک لاکھ روپئے تھی-

نئی بوتل میں پرانی شراب:رحمن خان نے بتایا کہ یہ بجٹ نئی بوتل میں پرانی شراب کی طرح پیش کیا گیا ہے - ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کی کوئی کوشش نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے اسٹاک مارکٹ بھی متاثر ہوا جس کے نتیجہ میں بجٹ پیشی کے دن ہی اسٹاک مارکٹ ایک ہزار پوائنٹ گرگیا - بجٹ بھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بی جے پی حکومت جس طرح پولیس راج چلارہی ہے اسی طرح انکم ٹیکس قوانین میں تبدیلی کرکے اکثر لوگوں کو الجھن میں ڈال دیا ہے -اس بجٹ سے عام لوگوں کو کوئی راحت نہیں ملی - وزیر خزانہ اور وزیر اعظم اس بجٹ کے ذریعہ ملک کو صحیح سمت دینے میں بری طرح ناکام رہے-


Share: