بنٹوال22؍نومبر(ایس اونیوز) منی نلکور نامی مقام پر ایک دردناک واقعے میں بیٹے کو فون پر اطلاع دینے کے بعد ماں باپ نے اپنے ہی گھر میں خود کشی کرلی ہے۔ اس طرح ہلاک ہونے والوں کی شناخت پریمناتھ پجاری اور چندراوتی کے طور پر کی گئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کی صبح پریم ناتھ پجاری نے اپنے بیٹے کو فون کرکے بتایاکہ وہ اور چندراوتی دونوں اپنے آپ کو ہلاک کررہے ہیں، اوراتنا کہنے کے ساتھ ہی اس نے فون کاٹ دیا۔ اس کے بعد چندراوتی نے گھرکی چھت میں لگے ہوئے شہتیر سے بندھی رسی کے پھندے سے لٹک کر خودکشی کرلی ۔ اور پریم ناتھ نے گھر کے آنگن میں موجود کنویں کی رسی کا پھندا اپنے گلے میں ڈال کر کنویں میں چھلانگ لگادی جس کی وجہ سے دونوں موت کے منھ میں چلے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان روزانہ لڑائی جھگڑا ہوا کرتاتھا۔ اور شائد اسی وجہ سے دونوں نے خود کشی کرلی ہے۔
بنٹوال مضافاتی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پرسنّا کمار نے جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا اور کیس درج کرلیا ہے۔