بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز) شہر میں ٹریفک کے اعتبار سے انتہائی مصروف ترین سڑکوں میں شمار کئے جانے والے راجہ رام موہن رائے روڈ پر راہگیروں کی سہولت کے لئے آج اسکائی واک کا افتتاح رکن اسمبلی جناب روشن بیگ اور شہر کی میئر گنگامبیکے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
آئی ایم اے گروپ آف کمپنیز میں شامل آئی ایم اے انفرااسٹرکچر لمیٹیڈ کی طرف سے تیار شدہ اس اسکائی واک سے اس مصروف ترین سڑک کو پارکرنے میں راہگیروں کوکافی آسانی ہوگی، دونوں جانب سے لفٹ اور سیڑیوں کی سہولتوں سے آراستہ یہ اسکائی واک راہگیروں کو آسانی فراہم کرنے کے ساتھ شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے مقصد سے تعمیر کیا گیا ہے۔آئی ایم اے گروپ آف کمپنیز نے پہلے ہی اعلان کیاتھا کہ شہر بنگلور کی خوبصورتی کو بڑھانے اور ٹریفک کے مسائل کو سلجھانے کے لئے ایک کارپوریٹ ادارے کی سماجی ذمہ داری کو پورا کرنے کے ساتھ بی بی ایم پی کے ساتھ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کی بنیاد پر شہر بھر میں اسکائی واکس تعمیر کئے جائیں گے۔ اپنے اس قول کو عملی شکل دیتے ہوئے آئی ایم اے انفرااسٹرکچر لمیٹیڈ نے راجہ رام موہن رائے روڈ پر اپنا پہلا اسکائی واک آج عوام کے لئے کھول دیا۔ چونکہ سمپنگی رام نگرم سے کنٹیروا اسٹیڈیم کی طرف سڑک پارکرنا راہگیروں کے لئے کافی دشوار گزار مرحلہ رہا ہے، اس اسکائی واک کی تعمیر سے اب راہگیربآسانی سڑک پار کرسکیں گے۔ اس اسکائی واک میں ہمہ وقت بجلی کی سہولت بنانے کے لئے ایک مخصوص جنریٹر مہیا کرایا گیا ہے، اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ اسکائی واک کے اوپر سے گزرنے میں آسانی فراہم کرنے کے مقصد سے فٹ پاٹ کے دونوں جانب لفٹ فراہم کی جائے۔
اس اسکائی واک کے افتتاحی پروگرام میں جناب روشن بیگ ، میئر گنگامبیکے کے علاوہ بی بی ایم پی میں حکمران پارٹی کے لیڈر شیوراج، اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی، سابق میئر کٹے ستیہ نارائنا ، بی بی ایم پی میں جے ڈی ایس کی لیڈر نیتراوتی ، مقامی کارپوریٹر وسنت کماراور دیگر نمائندے موجود رہے۔ آئی ایم اے انفرااسٹرکچر کی طرف سے راہگیروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے دوسرا پراجکٹ شہر کے ناگر بھاوی میں مکمل کرلیا گیا ہے، اس اسکائی واک کا بھی عنقریب افتتاح عمل میں آئے گا۔ اسکائی واک کا افتتاح کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے ان کے حلقے میں اس اسکائی واک کے افتتاح کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ شیواجی نگر حلقے میں آنے والے سمپنگی رام نگرم وارڈ کی انتہائی مصروف ترین سڑک راجہ رام موہن رائے روڈ پر روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑک پار کرتے ہیں ، بعض اوقات سڑک پار کرتے وقت یہاں حادثات بھی رونما ہوئے ہیں۔ عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے آئی ایم اے انفرااسٹرکچر کی طرف سے جو اسکائی واک عوامی و نجی اشتراک سے مہیا کرایا گیا ہے توقع ہے کہ راہگیر اس کا بہتر طریقے سے استعمال کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر اسکائی واک کی نگرانی کرنے والی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ اس کی دیکھ بھال اور صفائی کے نظام کی سختی سے نگرانی کی جائے۔ اس اسکائی واک کے استعمال کے مرحلے میں راہگیروں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اس کا بھی خیال رکھا جائے۔