ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں ڈینگو مرض کے معاملوں میں اضافہ تشویش کا باعث

بنگلورو میں ڈینگو مرض کے معاملوں میں اضافہ تشویش کا باعث

Tue, 02 Jul 2019 11:27:05    S.O. News Service

بنگلورو،2؍جولائی (ایس او نیوز) شہر میں ڈینگو بخار کے معاملے میں اضافہ سے عوام پریشان ہیں - ڈاکٹروں کا مشورہ ہے کہ اس مرض کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے- انہوں نے بلدیہ سے مطالبہ کیا کہ امراض کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں - منی پال اسپتال کے ڈاکٹر کے این منوہر نے بتایا کہ شہر میں ڈینگو کے معاملوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے- اس مرض کے علاج کے لئے ان کے اسپتال سے رجوع کرنے والے مریضوں کی تعداد میں خاصہ اضافہ ہوا ہے- انہوں نے کہا کہ ڈینگو کے علاوہ اس سے ملتے جلتے امراض سے بھی شہر کے لوگ متاثر ہورہے ہیں - اس مرض کی نشانیاں بھی ڈینگو مرض سے ملتی جلتی ہیں - اس مرض سے متاثر افراد کو بھی شدید بخار کی شکایت ہوتی ہے- سکرا ورلڈ اسپتال کے ڈاکٹر ایس منوہر نے بتایا کہ ان کے اسپتال میں بھی ڈینگو مرض سے متاثر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے- انہوں نے کہا کہ ان کے اسپتال میں 40فیصد سے زیادہ بستروں پر ڈینگو خنزیری بخار اور اس سے ملتے جلتے مرض کے شکار مریضوں کا ہی علاج چل رہا ہے- یہ امراض مچھروں کی وجہ سے پھیلتے ہیں اور مچھروں کی افزائش ٹہرے ہوئے پانی میں زیادہ ہوتی ہے- شہر میں مانسون کی بارشیں شروع ہونے والی ہیں - ان امراض کے متاثرین میں مزید اضافہ ہوسکتاہے- انہوں نے کہا کہ حالانکہ بنگلوربروہت مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) ہر ممکن کوشش کررہا ہے- جگہ جگہ دواؤں کا چھڑکاؤ بھی کیا جارہا ہے- لیکن اس مرض کی روک تھام ممکن نہیں ہورہی ہے- اس مرض کی مکمل روک تھام کے لئے اس مرض کے تعلق سے عوام میں بیداری لانے کی ضرورت ہے- ایک اور اسپتال کے ڈاکٹر ونائک نے بتایا کہ ان کے اسپتال میں ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے- بی بی ایم پی افسروں نے بتایا کہ شہر کے 8زونس میں سے جنوبی، مشرقی اور مغربی زونس میں مچھروں کی زیادہ بھر مار ہے-بی بی ایم پی ہیلتھ آفیسر منورنجن ہیگڈے نے کہا کہ ان زونس میں مچھروں کی بڑھتی تعداد کی وجہ سمجھ سے بالا تر ہے- شہر کے انہی زونس میں مچھروں کی تعداد زیادہ کیوں ہے اس کے تعلق سے ماہرین کی رائے جاننے کی ضرورت ہے- لیکن بی بی ایم پی میں کوئی اینٹو مالوجیت (ماہر حشریات) نہیں ہے- جو ان وجوہات کے تعلق سے صحیح  رہنمائی کرے- انہوں نے کہا کہ بلدیہ کی طرف سے شہر میں مچھروں پر قابو پانے کے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے- دواؤں کے چھڑکاؤ کے لئے عملہ کو تعینات کیا گیا ہے- ان تینوں زونس کے ہر ایک وارڈ میں دواؤں کے چھڑکاؤ کے لئے 3افراد کام پرلگائے گئے ہیں -اس کے علاوہ ایک مشین کے ذریعہ بھی دوا کا چھڑکاؤ کیا جارہاہے- انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہئے کہ اس سلسلے میں احتیاطی اقدامات کریں - اپنے ماحول کو پاک وصاف رکھیں -


Share: