ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور: دیہی ترقیاتی کاموں کو جلد پورا کرنے پر زور پانچ لاکھ تک کے منصوبوں پر بغیر ٹنڈر کے ورک آرڈر: کرشنا بائرے گوڈا

بنگلور: دیہی ترقیاتی کاموں کو جلد پورا کرنے پر زور پانچ لاکھ تک کے منصوبوں پر بغیر ٹنڈر کے ورک آرڈر: کرشنا بائرے گوڈا

Wed, 28 Nov 2018 20:30:03    S.O. News Service

بنگلورو۔28؍نومبر(ایس او  نیوز) ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج کرشنا بائرے گوڈا نے کہاہے کہ دیہی علاقوں میں زیر التواء ترقیاتی کاموں کو تیزی سے انجام تک پہنچانے کے لئے پانچ لاکھ روپے یا اس سے کم لاگت کے کاموں کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔ اس کے لئے 10 دسمبر تک ورک آرڈر جاری کئے جائیں اور ان کی تکمیل جلد از جلد کروائی جائے۔

آج ودھان سودھامیں ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پہلے ہی ٹنڈر طلب کئے بغیر پیس کنٹراکٹ دینے کی گنجائش رکھی گئی تھی، اب اس نظام کو ختم کرکے پانچ لاکھ روپیوں تک کے کسی بھی کام کے لئے ورک آرڈر جاری کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ لاکھ روپیوں تک کے کسی بھی ترقیاتی کاموں کو ٹنڈر طلب کئے بغیر شروع کرایا جائے اور اسے جلد از جلد پورا کرنے کی ذمہ داری متعلقہ کنٹراکٹروں کو سونپی جائے۔

10 دسمبر تک ان تمام کاموں کی شروعات کے لئے ورک آرڈر جاری کرنے کی وزیر موصوف نے سخت ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے حکومت ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔ ایسے میں افسروں کی طرف سے اگر لاپروائی برتی گئی تو حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات بے معنی ہوکر رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندوں اور مختلف اضلاع میں عوام کے اصرار پر وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کو اس بات کے لئے راضی کیا گیا ہے کہ پانچ لاکھ روپیوں تک کے کاموں کو پیس کنٹراکٹ مان کر ان کی ترقی کے لئے قدم اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمۂ دیہی ترقیات میں تکمیل شدہ کاموں کے عوض بلوں کی ادائیگی نہ ہونے کی بھی شکایت ہے، جلد از جلد واجب الادا بلوں کو ادا کردیا جائے۔ اس کے بعد نئے منصوبوں کو بھی آگے بڑھانے کی طرف توجہ دی جائے۔ انہوں نے محکمے کے بڑے کاموں کو پورا کرنے پر بھی زور دیا۔

کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ ریاست کے 100 سے زیادہ تعلقہ جات خشک سالی کی لپیٹ میں آچکے ہیں ، ان تعلقہ جات کو راحت کاری پہنچانے میں غفلت نہ برتی جائے۔ خاص طور پر پینے کے پانی کی فراہمی ، ریاست کا ایک سنگین مسئلہ بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کی آمد تک یہ مسئلہ کہیں ناقابل تسخیر چیلنج نہ بن جائے۔ اسی لئے محکمے کو چاہئے کہ راحت کاری کے اقدامات میں لاپروائی برتی نہ جائے۔

 


Share: