بھٹکل:15؍جون(ایس اؤ نیوز) بھٹکل کے سماجی و فلاحی ادارے بالخصوص مجلس اصلاح وتنظیم اور این آر آئیز کی رابطہ سوسائٹی عوامی خدمات کےلئے ہمیشہ آگے رہتی ہیں۔کورونا وباء کے حالات میں انہوں نے عوام کے استعمال کے لئے جس طرح آکسیجن کی پیشگی تیاری کی ہے اس کے لئے بھٹکل انتظامیہ کی طرف سے ہم ان اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے کیا۔
وہ یہاں بروز منگل کو رابطہ سوسائٹی میں ذخیرہ کردہ 80آکسیجن سلینڈروں کا تحصیلدار روی چندرا کے ساتھ معائنہ کرنے کے بعد ذمہ داران کے سامنے اپنے خیالات کااظہارکررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ بھٹکل انتظامیہ تنظیم اور رابطہ سوسائٹی کی طرف سے جو بھی سماجی خدمات انجام دی جارہی ہیں ان کی ستائش کرتی ہے اور ایک ایسے وقت جب ملک کے عوام کورونا جیسی وباء سے پریشان حال ہیں اور دوسری لہرمیں آکسیجن کی قلت سے کئی جانیں تلف ہوئیں ہیں تو رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی طر ف سے آکسیجن کانسٹریٹر اور آکسیجن کے سلینڈر کی فراہمی عوامی فکر کو ثابت کرتی ہے۔ ایمرجنسی کے حالات میں تنظیم کی سرپرستی میں یہاں کے این آرآئیز نے رابطہ سوسائٹی کے ذریعے جس طرح وباء سےنجات کے لئے پیشگی تیاری کی ہے اس کے لئے انتظامیہ کی ان کی ستائش کرتی ہے۔
رابطہ کے ذمہ دار محمد صادق پلور نے بتایاکہ رابطہ سوسائٹی کی طرف سے کورونا وباء سے عوام کو نجات دلانے کےلئے پیشگی تیاریاں کی جارہی ہیں جس میں خاص کر آکسیجن کی قلت کو دیکھتے ہوئے 80سلینڈر تیار کرلئے گئے ہیں۔ جو بھٹکل ، شیرور اور منکی کے علاقوں میں جہاں بھی ضرورت ہوگی وہاں مہیا کرائی جائے گی۔ اس موقع پر رابطہ سوسائٹی کے ذمہ داران عبدالباری محتشم، محمد الیاس سدی باپا، عبدالسمیع کولا، سید ہاشم ایس جے، میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی، نائب صدر قیصر محتشم ،بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، جنرل سکریٹری عمیر سعید رکن الدین وغیرہ موجود تھے۔