بھٹکل 21 اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں عید الفطر کی خریداری کے لئے رمضان کے آخری عشرے میں بھٹکل کے بازاروں میں عوام کی بھیڑ لگ جاتی ہے، ایسے میں بھٹکل میونسپالٹی کی طرف سے بھٹکل مین روڈ سے ماری کٹہ تک سڑک کنارے رمضان باکڑا لگائے جاتے ہیں، جہاں لاکھوں اور کروڑوں کا کاروبار ہوتا ہے۔
بھٹکل میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرمین اِمشاد مختصر نے بتایا کہ بھٹکل میں اولڈ بس اسٹائینڈ سے مین روڈ ہوتے ہوئے ماری کٹہ تک جملہ 53 باکڑوں کی نشاندھی کی گئی ہے، ان میں 15 باکڑے پولس اور دیگر معذوروں کے لئے مختص کئے گئے ہیں ، جبکہ بقیہ 38 باکڑوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے درخواست گذاروں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان 38 باکڑوں کے لئے 966 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ اِمشاد نے یہ بھی بتایا کہ 24 اپریل یعنی 22 رمضان سے عید کی رات تک (یعنی آٹھ یا نو دن) تک یہ باکڑے چلیں گے، جس کے لئے پرانا کرایہ یعنی تین ہزار روپیہ ہی چارج کیاگیا ہے۔ کچروں کو اُٹھانے کے لئے الگ سے 250 روپئے چارج کئے گئے ہیں جبکہ ہر درخواست کے ساتھ سو روپیہ چارج کیا گیا تھا۔
بدھ کو میونسپالٹی میں باکڑوں کی تقسیم کے لئے قرعہ اندازی کی گئی تھی جس کے موقع پر سینکڑوں لوگ جمع تھے۔