بھٹکل 20 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل میں آج جمعرات کو بھی 88 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے، لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ ان میں سے صرف چھ لوگوں کو ہی کورونا کی علامات ظاہر ہونے پرعلاج کے لئے اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا ہے، دیگر لوگوں کو کم علامات ہونے یا علامات نہ ہونے کی بنا پر گھروں پر ہی کورنٹائن کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سرکاری طور پر دی گئی معلومات کے مطابق آج ایک طرف چھ لوگوں کو اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا ہے تو وہیں نو لوگوں کو صحت یاب ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج بھی کیا گیا ہے۔ اس طرح اب سرکاری اسپتال کے کووڈ وارڈ میں 29 لوگ ایڈمٹ ہیں جبکہ 351 ایکٹو معاملات والے لوگ گھروں پر کورنٹائن میں ہیں۔
پریس ریلیز میں آج کسی کی موت واقع ہونے کی خبر نہیں دی گئی ہے، البتہ ذرائع سےپتہ چلا ہے کہ آج جمعرات شام کو شیرور کی رہنے والی ایک خاتون کی موت واقع ہوئی ہے۔ آج شام کو ہوئی موت کی رپورٹ کل جمعہ کی پریس ریلیز میں درج ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ کل بدھ کو بھی 72 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی تھی جس میں سے آٹھ لوگوں کو اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا اسی طرح بدھ کو چھ لوگ اسپتال سے صحت یاب ہوکر ڈسچارج بھی ہوئے تھے۔ کل بدھ کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ایڈمٹ دو لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی تھی۔ جس میں ایک شخص منڈلی کا اور دوسرا کائیکنی کا تھا۔
بھٹکل سرکاری اسپتال کے کووڈ وارڈ میں کوویڈ کے مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، اکسیجن بھی بھاری مقدار میں موجود ہے اور ڈاکٹرس مسلسل مریضوں کی نگرانی کرتے رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایک طرف آٹھ نو لوگوں کو ایڈمٹ کیا جارہا ہے تو وہیں ہر روز آٹھ نو لوگ صحت یاب ہوکر ڈسچارج بھی ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ بھٹکل سرکاری اسپتال میں کووڈ مریضوں کے لئے معروف سماجی کارکن نثار احمد ٹاپ پہلے کی طرح اس بار بھی اپنی خدمات دے رہے ہیں۔