بھٹکل25؍اگست (ایس اؤ نیوز)پولس محکمہ کی جانب سے سواریوں کی جانچ کے دوران ایک نوجوان پولس سےبچنےکی دھن میں توازن کھو کر پولس کے سامنے ہی اپنی بائک سمیت پلٹا کھاکر گرنے کی ایک وڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
وڈیو کلپ کے ساتھ جو مسیج لکھا گیا ہے اس کے مطابق یہ واقعہ آزاد نگر کے قریب جالی روڈ پر پیش آیا ہے۔ دراصل پولس کا ایک اہلکار سادھا کپڑوں پر اچانک ڈنڈا لے کر سامنے آجاتا ہے اور بائک سوار ہڑبڑاہٹ میں پوری قوت کے ساتھ بریک لگا دیتا ہے جس کے نتیجے میں بائک سوار بائک سمیت اندھے منہ گر پڑتا ہے۔
اس تعلق سے چھان بین کرنے پر پتہ چلا ہے کہ واٹس ایپ پر وائرل ہونے والی وڈیو صحیح ہے البتہ بائک سوار نیچے گرنے کے باوجود بال بال بچ گیا ہے۔
بائک سوار نے ساحل آن لائن کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بغیر یونیفارم پہنے پولس والا ڈنڈا ہاتھ میں لئے اچانک سامنے آگیا تھا اور ہڑبڑاہٹ میں بریک لگانے سے بائک پر سے توازن کھو گیا اور نیچے گرپڑا۔ بائک سوار نے بتایا کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا لہذا اس نے اپنی غلطی مانتے ہوئے جرمانہ ادا کردیا۔
کلپ کے وائرل ہوجانے کے بعد پولس کا سول ڈریس پر اچانک روڈ پر آ دھمکنے اور بائک سواروں کو روکے جانے پر شہر بھر میں چہ مئگوئیاں شرو ع ہوگئی ہیں اور کئی ایک نے پولس کی اس حرکت پر سخت اعتراض بھی جتایا ہے۔ یہ تو اچھا ہوا کہ بائک سوار کو کوئی سخت چوٹ نہیں لگی ورنہ حادثہ جان لیوا بھی ہوسکتا تھا۔