ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ینگ اسٹار کی طرف سے خون عطیہ کیمپ کا کامیاب انعقاد؛ 112 یونٹ بلڈ کیا گیا جمع

بھٹکل میں ینگ اسٹار کی طرف سے خون عطیہ کیمپ کا کامیاب انعقاد؛ 112 یونٹ بلڈ کیا گیا جمع

Tue, 02 Feb 2021 20:13:35    S.O. News Service

بھٹکل 2 فروری (ایس او نیوز)  بھٹکل مدینہ کالونی کے محی الدین اسٹریٹ کی ینگ اسٹار ویلفیر آرگنائزیشن کی جانب سے  آج منگل کو بلڈ کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں 112 یونٹ بلڈ جمع کیا گیا۔

بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم المعروف وائی ایم ایس اے   میدان   میں  جاری  ینگ اسٹار کرکٹ ٹورنامنٹ کے چلتے اس  بلڈ کیمپ  کو   اسی میدان کے قریب  واقع  محی الدین مُنیری ہال  میں منعقد  کیا گیا تھا جس میں نوجوانوں نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے  اپنے  خون کا  عطیہ پیش  کیا۔ اس  بلڈ کیمپ کو   ینگ اسٹار کے ساتھ بلڈ ہیلتھ کیئر کرناٹک اور انڈین  ریڈ کراس سوسائٹی کنداپور کے اشتراک سے منعقد کیا گیا  تھا ۔

کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے بھٹکل کے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے نائب صدر عتیق الرحمن مُنیری نے اپنے خطاب میں کہا کہ خون کا  عطیہ  ایک بہترین انسانی ہمدردی کی مثالی خدمت ہے۔ذات، دھرم  اور کسی بھی طرح کا بھید بھاو کئے بغیر خون کسی بھی شخص  کی جان بچانے کے کام آسکتا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ انسان کی سب سے قیمتی  چیز خون ہے، ہمیں اپنے خون  کا عطیہ پیش کرکے لوگوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے آگے آنے کی ضرورت ہے۔

بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے نائب صدر ساجد مصباح، بھٹکل کے معروف سماجی کارکن اور کئی بار اپنے خون کا عطیہ پیش کرنے کا ریکارڈ بنانے والے نذیر قاسمجی،  بلڈ ہیلتھ کیئر کے صدر نذیر حُسین اُلال، فیاض شیخ بیندور،  سمیع اللہ شیخ، ڈاکٹر ویریندر کنداپور، مبشر ہلارے، سُہیل کڈداری، ظہیر شیخ وغیرہ کافی ذمہ داران موجود تھے۔


Share: