بھٹکل 5/مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کے موگلی ہونڈا میں واقع ایک ندی میں گرکر 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت رویز ابن ریاض کریمی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ رویز اور اس کے گھر والے موگلی ہونڈا میں واقع ناریل باغ میں ناریل توڑنے گئے تھے، جس کے دوران چند ناریل باغ سے لگی ہوئی ایک ندی میں گرگئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ رویز ندی میں گرے ہوئے چند ناریل کو نکالنے کی کوشش کر رہا تھا جس کے دوران اس کا پیر پھسل گیا اور وہ ندی میں گرگیا۔ بتایا گیا ہے کہ رویز کو تھوڑا بہت تیرنا آتا تھا مگر ندی میں پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ زیادہ دیر تک ہاتھ پیر نہیں مار سکا۔ بعد میں جب نوجوانوں نے اسے بچانے کی کوشش کی تو وہ اس وقت تک اپنے خالق حقیقی کے پاس پہنچ چکا تھا۔ اسے ندی سے باہر نکال کر فوری بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
رویز کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ اس نے اپنی ابتدائی تعلیم دوبئی سے حاصل کی تھی، شمس سے میٹرک کا امتحان پاس کیا تھا اب وہ کانوینٹ میں پی یو سی اول کا امتحان دینے کے بعد سکینڈ پی یوسی کی تیاری کررہا تھا۔ ہر کام میں ماہر اور نہایت متحرک تھا، پنج وقتہ نمازی اور نہایت با صلاحیت نوجوان تھا۔
سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش مخدوم کالونی میں واقع ان کے گھر لائی گئی۔ جہاں سینکڑوں لوگوں نے نوجوان کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے گھر والوں کے ساتھ تعزیت کی۔اللہ اسے غریق رحمت کرے اور گھروالوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔
گھروالوں نے بتایا کہ کل جمعہ صبح قریب دس بجے اس کی تدفین ہوگی۔