ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل نیوانگلش پی یوکالج میں حضرت محمد ﷺ کا پیغام کے عنوان پر محمد کوئیں کا خطاب : تعلیم یافتہ افراد سے ہی ملک خطرے میں ہے

بھٹکل نیوانگلش پی یوکالج میں حضرت محمد ﷺ کا پیغام کے عنوان پر محمد کوئیں کا خطاب : تعلیم یافتہ افراد سے ہی ملک خطرے میں ہے

Thu, 05 Dec 2019 19:46:57    S.O. News Service

بھٹکل:05؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)ملک میں تعلیم یافتگان  ہی مسائل کو پیدا کررہے ہیں، تعلیم یافتہ افراد سے  ہی ملک کو خطرات درپیش ہیں، یہی ملک کے لئے سر درد بنتے جارہے ہیں، ملک میں جاری رشوت خوری، بد عنوانی ، دہشت گردی ، عصمت ریزی ، بد اخلاقی کے لئے تعلیم یافتہ افراد ہی وجہ سبب ہونا ملک کے لئے بہت ہی افسوس ناک ہے۔شانتی پرکاشن مینگلورو کے مینجر اور جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کے سکریٹری محمد کوئیں نے ان خیالات کااظہار کیا۔

وہ یہاں 4دسمبر 2019بروز بدھ کو نیو انگلش پی یوکالج انتظامیہ اور جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے زیر اہتمام مشترکہ طورپر سیرت النبی ﷺ کا پیغام اور ضلعی سطح کے سیرت ؐ مضمون نویسی انعامی جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ محمد کوئیں نے سیکڑوں طلبا اور اساتذہ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ اگر انسان اپنا دل پاکیزہ رکھے تو تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔ پاکیزہ ذہن انسان اور معاشرے کی صحت کی حفاظت کرتاہے، اگر ہمارا ذہن خراب ہوگیا تو معاشرے کی صحت بھی برباد ہوجاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ کےنبی ﷺ باطن اور ظاہر کی پاکیزگی پر کافی زور دیا ہے۔

انہوں نےکہاکہ دنیا کی ہرذی روح آپسی تعاون سے زندگی گزارتے ہیں، ہمارا ماحول، نظام شمسی، سبھی سیارے ، چاند، سورج، تارے یہ سب آپسی تعاون کا رویہ اپنانے سے ہی یہ دنیا آسانی کے ساتھ چل رہی ہے۔ اس کے برعکس انسان عدم تعاون کا شکار ہوکر معاشرے کے لئے بوجھ بن گیا ہے۔ مذاہب انسان کی حفاظت کے لئے ہیں، دھرم پر عمل کرتے ہوئے زندگی گزارنی چاہئے، آج ہم دھن دولت، اقتدار کے غلام ہوچکے ہیں، ہر ایک غلامی سے نکل کر ایک خدا کی غلامی اختیار کرنے کی طلبا سے اپیل کی۔

کالج پرنسپال وریندر شانبھاگ نے جلسہ کی صدارت کی۔ سیرت مہم کے ناظم محمد رضامانوی نے افتتاحی کلمات  پیش کئے۔ مولانا سید زبیر ایس ایم کی تلاوت قرآن سے جلسہ کا آغاز ہوا۔  کماری اشونی اور ساتھیوں نے پرارتھنا کی۔ لکچرر جینتی نائک نے نظامت کی تو شیوانند بھٹ نے شکریہ اداکیا۔ڈائس پر معاون امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ ، پروفیسر ہاشم قادری زرزری موجود تھے۔

سیرت ؐ مضمون نویسی کے انعامات کی تقسیم : جلسہ میں جماعت اسلامی ہندبھٹکل کے زیر اہتمام اترکنڑا ضلعی سطح پر منعقد کئے گئے سیرتؐ مضمون نویسی مقابلے میں اول ، دوم اور سوم انعامات حاصل کرنے والوں کے درمیان انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔  ہوناور کے جی ایس ہیگڈے اول، راگھویندرا مڈیوال دوم اور بھٹکل کی ساویتری ہیگڈے نے سوم انعام حاصل کیا۔ اسی طرح کالج کی طالبات کے درمیان تشجیعی انعامات کی تقسیم کی گئی ۔جلسہ طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ قومی ترانہ کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔


Share: