بھٹکل:31/مئی (ایس اؤ نیوز ) بھٹکل تعلقہ کی منڈلی پنچایت میں آج بدھ کو منعقدہ عام میٹنگ میں جب ممبران نے علاقہ کے مسائل کو لے کر پنچایت پی ڈی اونٹراج سے سوالات کئے اور کام نہ کرنے پر اُن کو آڑے ہاتھوں لینے کی کوشش کی تو پی ڈی او میٹنگ چھوڑ کر ہی چلے گئے، جس پر ممبران میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ممبران نے بعد میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے متعلقہ پی ڈی او کو منڈلی پنچایت سے ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور فوری کاروائی نہ کرنے کی صورت میں پنچایت دفتر کے باہر دھرنا دے کر احتجاج کرنے کی دھمکی دی ہے۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے پنچایت کی صدر محترمہ ناگرتنا موگیر نے بتایا کہ میٹنگ میں متعلقہ علاقوں کے عوامی نمائندے یعنی پنچایت کے ممبران علاقہ کے مسائل کو لےکر پی ڈی او سے سوال پوچھا تھا، لیکن شکایت سے ناراض پی ڈی او میٹنگ چھوڑ کر ہی چلے گئے۔ اس تعلق سے پنچایت کے نائب صدر ناگپا نائک نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ کے دوران بحث ہوتی ہے ، تنازعے ہوتے ہیں، لفظی جھڑپیں ہونا عام باتہے ، جب کوئی سوال پوچھا جاتاہے توافسران کاکام میٹنگ سے اٹھ کر چلے جانا نہیں بلکہ مسائل پر بات کرتے ہوئے حل تلاش کرنا ہے۔ پی ڈی اؤ کے عہدے پر مقرر افسر کو بھی ایک ذمہ داری ہوتی ہے۔ ممبران کے مطابق یہ پی ڈی اؤ جس دن سے منڈلی پنچایت میں آیا ہے اس دن سے ہمارے دیہات کا ایک بھی کام نہیں ہورہاہے۔ آج میٹنگ شروع ہورہی تھی تو گذشتہ میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں پر بات چیت ہورہی تھی تو اچانک پی ڈی اؤ بھاگ نکلے ۔
پنچایت کی ایک خاتون رکن نے پی ڈی اؤ کے متعلق شکایت کرتے ہوئے کہاکہ روزانہ کوئی نہ کوئی بہانہ بناتے ہیں ، ایک ممبر کے خلاف دوسرے ممبر کو اکساتے ہیں ، کسی بل یا کام کے متعلق پوچھیں تو پنچایت صدر پر الزام لگاتے ہیں، میرے علاقے میں اسٹریٹ لائٹ غائب ہوکر 22دن ہوچکے ہیں، ابھی تک کوئی کام نہیں ہوا۔پی ڈی اؤ کوئی کام نہیں کررہاہے ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طورپر اس کا تبادلہ کیا جائے ، اس کی ہمیں ضرورت ہی نہیں ہے۔ کسی کام کو لے کر کوئی نہ کوئی بہانہ بناتاہے۔
دیگر ممبران نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منڈلی میں سڑک کی درستگی ،صفائی ستھرائی، کیچڑ نکالنےاور پینے کے پانی کے متعلق بہت سارے مسائل ہیں اور اس پی ڈی او کے ہوتے ہوئے علاقہ کے مسائل حل ہونے کے امکانات نظر نہیں آرہے ہیں۔ لہٰذا مسئلے کا واحد حل یہی ہے کہ پی ڈی او کا تبادلہ کیا جائے۔
پنچایت کے کانگریس اور بی جے پی سبھی ممبران پی ڈی او نٹراج کے خلاف نظر آئے اور سبھی نے ایک آواز ہوکر اس کے تبادلے کا مطالبہ کیا اور فوری تبادلہ نہ کرنے کی صورت میں پنچایت دفتر کے باہر ہی دھرنے پر بیٹھنے کی دھمکی دی۔اس موقع پر پنچایت سکریٹری ناگراج امبیگا بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے متعلقہ پی ڈی او کے خلاف جالی پنچایت کے ممبران نے بھی شکایتیں کی تھیں ، جس کے بعد اُنہیں جالی سےنکال کر منڈلی ٹرانسفر کیا گیا تھا۔