بھٹکل 9 فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے کونار میں خوشی کے لمحے اُس وقت غم میں تبدیل ہوگئے جب ایک گھر کے نوجوان کی نعش قریبی جنگل میں درخت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ مہلوک نوجوان کی شناخت منجوناتھ سومیّا گونڈا (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ منجوناتھ کی بہن کی شادی جمعہ کو طئے تھی اور گھر پر شادی کو لے کر مختلف پروگرامس جاری تھے، اچانک منجوناتھ کی نعش ملنے کی اطلاع مل گئی جس کے بعد شادی کی تقریب ملتوی کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق کھیتوں میں کام کرنے والا منجوناتھ صبح سات بجے کھیت پر جانے کے لئے نکلا تھا، دوپہر کو جب واپس نہیں لوٹا تو گھر والے اسے تلاش کرنے کے لئے نکل پڑے جس کے دوران اس کی نعش قریبی جنگل کے ایک درخت کی ایک ٹہنی پر لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس نے خودکشی کرلی ہے۔
گذشتہ ایک ماہ میں بھٹکل میں خودکشی کی وارداتیں کچھ زیادہ ہی سامنے آرہی ہیں جس پر مقامی عوام سخت تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔